بین الاقوامی سطح پر شہرت حاصل کرنے والے گانے ’پسوڑی‘ نے یوٹیوب پر عالمی ٹاپ میوزک ویڈیوز کے چارٹ میں جگہ بنالی ہے۔
رواں سال کے آغاز میں معروف گلوکار علی سیٹھی اور شائے گل کا گانا پسوڑی ریلیز ہواتھا جو کہ صرف پاکستان میں ہی نہیں دنیا بھر میں مقبول ہوا اور کئی میوزک ویب سائٹس پر اس نے بہترین گانوں کی فہرست میں جگہ بنائی تھی۔
گزشتہ روز اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کوک اسٹوڈیو کے پروڈیوسر ذوالفقار جے خان نے یہ خبر شیئر کی، انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ہمارا گانا پسوڑی یوٹیوب گلوبل ٹاپ میوزک ویڈیو چارٹس میں داخل ہوا ہے، ہماری یہ خواہش ضرور تھی لیکن ایسا نہیں لگتا تھا کہ کبھی یہ ممکن ہوسکے گا، تاہم گانے کی ریلیز کے 8 ماہ بعد ہمیں یہ خوشخبری مل گئی۔
انہوں نے گانے کے یوٹیوب کے گلوبل چارٹ میں جگہ بنانے پر اللہ کا شکر اداکیا اور کہا کہ ہم پسوڑی کے سامعین کے بھی بہت زیادہ شکر گزار ہیں جن کے بغیر یہ کبھی ممکن نہیں تھا۔