لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے ہفتے کے روز پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کو رہا کرنے کا حکم دے دیا، جنہیں محکمہ اینٹی کرپشن نے گزشتہ روز زمینوں پر ناجائز قبضے سے متعلق کیس میں گرفتار کیا تھا۔
حمزہ شہباز شریف نے محکمہ اینٹی کرپشن کی ٹیم کے خلاف بھی تحقیقات کا حکم دیا جس نے شیریں مزاری کو اسلام آباد میں ان کے گھر کے قریب سے گرفتار کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بحیثیت خاتون شیریں مزاری کا احترام کیا جانا چاہیے اور وہ ان کی گرفتاری کے اقدام سے متفق نہیں ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے راولپنڈی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ شیریں مزاری کو محکمہ اینٹی کرپشن کی ٹیم کی تحویل سے رہا کروائیں۔
اینٹی کرپشن ٹیم 13 اپریل کو درج کئے گئے مقدمے میں شیریں مزاری کو گرفتار کرنے کے لیے ڈیرہ غازی خان سے اسلام آباد گئی تھی۔
مزید پڑھیں:تحریک انصاف نے شیریں مزاری کی نظربندی کے بعد ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا