کراچی :ترجمان سندھ حکومت اور وزیر اعلی سندھ کے مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سابق صدر اور رکن قومی اسمبلی آصف علی زرداری کو طبی سہولیات سے محروم کرنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے جس کی میں شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں ۔
آصف علی زرداری کو ان کی مرضی کے ڈاکٹر تک رسائی دی جائے کیونکہ یہ ان کا اور ہر پاکستانی کا حق ہے ۔ ترجمان سندھ حکومت نے وفاقی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور آئین کی روگردانی سے گریز کرے ۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے کامیابی کا ایک اور سنگِ میل عبور کیا ہے ۔ سندھ ٹرانسمیشن ڈسپیج کمپنی (STDC) کو پاکستان کی پہلی صوبائی ٹرانسمیشن کمپنی بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے اگرچہ اس کمپنی کے قیام میں وفاق نے بہت روڑے اٹکائے مگر اب یہ کمپنی اپنی پیداوار کو نیشنل گرڈ میں شامل کرکے ملکی ترقی میں قدم بہ قدم ساتھ دے رہی ہے یہ کامیابی پورے سندھ کے عوام کی کامیابی ہے جس کا سہرا پاکستان پیپلز پارٹی کی وژنری قیادت کو جاتا ہے۔
مزید پڑھیں : سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ کی دلچسپ ملاقات