گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ رینجرز نے شہر قائد میں امن کی بحالی کے لیے ایک اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ ففتھ جنریشن وار کا سہارا لینے والوں کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
کراچی میں رینجرز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ رینجرز نے دہشت گردوں کے خاتمے میں بھی اہم کامیابیاں حاصل کیں جس کے بعد سندھ بھر میں امن بحال ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن جماعتیں حکمرانی اپنی اولادوں تک پہنچانا چاہتی ہیں۔فردوس عاشق اعوان
گورنر عمران اسماعیل نے کہا کہ رینجرز کی کاوشیں پورے صوبۂ سندھ میں نظر آتی ہیں جبکہ رینجرز ایک قابلِ فخر ادارہ ہے۔ رینجرز میں شامل ہونے والے نئے جوان ہمیشہ یاد رکھیں کہ وہ ایک مایہ ناز ادارے کا حصہ ہیں۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی میں امن بحال ہونے میں 6 سال لگے اور 19000 سے زائد کارروائیوں کے دوران 14000 سے زائد مجرم پکڑے گئے، جس سے کراچی کو معاشی و تجارتی استحکام ملا۔
انہوں نے کہا کہ قوم رینجرز کے شہداء کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور شر پسند عناصر کو کبھی پنپنے نہیں دیا جائے گا جنہوں نے کراچی کے امن کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ فواد چوہدری کے نوکریوں سے متعلق بیان کو صحیح انداز میں نہیں سمجھا گیا، حکومتیں ملازمتیں پیدا کرنے کے لیے نجی شعبے کو بھی وسائل مہیا کرتی ہیں۔
انہوں نے 16 اکتوبر کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی کوئی مشکل پڑے تو ہم فورسز کی طرف دیکھتے ہیں سیلاب آئے یا طوفان آئے جبکہ حکومتی ادارے کتے مارنے کے لیئے بھی کچھ نہیں کر رہے۔
مزید پڑھیں: گورنر سندھ عمران اسماعیل کی کے فور منصوبے کے خلاف گڑبڑ کرنے والوں کو وارننگ