اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے تنازعے میں پاکستان کسی بلاک کا حصہ نہیں بنے گا، وزیر اعظم اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی ساڑھے 3 گھنٹے طویل ملاقات ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے میڈیا بریفنگ کے دوران وزیر اعظم کے دورۂ روس، روسی صدر اور ڈپٹی وزیر اعظم سے ملاقات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ صدرِ روس اور وزیر اعظم کے مابین ملاقات میں خطے کے مسائل پر گفتگو ہوئی۔
معاشی حالات درست نہ کیے تو سیاست ختم ہوجائے گی۔ چوہدری شجاعت
میڈیا بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ صدر ولادی میر پیوٹن اور وزیر اعظم کے مابین ملاقات کے دوران اسلاموفوبیا پر بھی بات چیت ہوئی۔ دونوں سربراہانِ مملکت کو مدت بعد طویل گفتگو کا موقع ملا۔ گیس سیکٹر پر تعاون کیلئے تبادلۂ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سے ہوٹل میں روسی ڈپٹی وزیر اعظم کی ملاقات ہوئی۔ روسی قیادت نے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار کیا۔ گیس کی قلت اور توانائی بحران پر مثبت بات چیت ہوئی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ آئندہ دنوں میں روس کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون پر کام ہوگا۔ افغانستان کی صورتحال کے متعلق پاکستان اور روس میں ہم آہنگی ہے۔ روس بھی افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔ وزیر اعظم نے طویل عرصے بعد روس کا دورہ کیا ہے۔