آرمی پبلک اسکول کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں۔وزیر اعظم

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

آرمی پبلک اسکول کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں۔وزیر اعظم
آرمی پبلک اسکول کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں۔وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں جبکہ وقت نے ثابت کردیا ہے کہ دہشت گردوں کی کوئی قوم یا مذہب نہیں ہوتا۔

تفصیلات کے مطابق آرمی پبلک اسکول پشاور پر دہشت گردوں کے حملے کو 7 برس مکمل ہو گئے جس کے دوران 150 افراد جاں بحق ہوئے۔ وزیر اعظم عمران خان نے سانحہ اے پی ایس پر اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے پیچھے بزدلانہ سوچ ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

سقوطِ ڈھاکہ کو 50سال مکمل، مشرقی پاکستان کی علیحدگی پر تقریبات کا اہتمام

قوم کو سوگوار کردینے والے سانحہ آرمی پبلک اسکول کو 7 سال مکمل

آرمی پبلک اسکول کے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے قوم کے نام پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ سوچ اپنے ناپاک عزائم کیلئے نہتے بچوں کو بھی نشانہ بنانے سے نہیں چوکتی۔ آج کا دن ہمیں ایک کربناک قومی سانحے کی یاد دلاتا ہے۔

اے پی ایس پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بزدلوں اور شر پسندوں نے قوم کے مستقبل اور نہتے بچوں پر حملہ کرکے شہید کیا۔ آج ہمیں ان بہادر اساتذہ کو یاد کرنا ہے جو طلبہ کی حفاظت کیلئے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہوگئے تھے۔

اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ اساتذہ نے بچوں کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کردئیے۔ اے پی ایس کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں، بہادر پاکستانی قوم کا حوصلہ پست ہونے کی بجائے مزید بلند ہوا اور پوری قوم متحد ہوگئی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آج تجدیدِ عہدِ وفا کا دن ہے کہ پوری قوم ایک بار پھر متحد ہو کر مذہبی و نسلی اور فرقہ وارانہ تعصب پھیلانے والے ناپاک سیاسی عزائم کے مالک ملک دشمن عناصر کے خلاف کھڑی ہو اور ان کے خلاف ریاست کا ساتھ دیکر انہیں کیفر کردار تک پہنچائے۔ 

انہوں نے کہا کہ قوم نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت دشمنوں کو چن چن کر ان کا صفایا کیا۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ دشمن پاکستان کے حوصلے پست نہیں کرسکتا۔ جب بھی شرپسند عناصر ہمیں متزلزل کرنے کی کوشش کریں گے، منہ کی کھائیں گے۔

 

Related Posts