کراچی: مزار قائد کے فاتحہ خواں قاری محمد شمس الدین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان سیالکوٹ واقعے میں مقتول سری لنکن شہری کو بچانے کی کوشش کرنے والے قومی ہیرو ملک عدنان کی طرح مبینہ گستاخی کے واقعے میں خون خرابہ روکنے والے شاہی مسجد چترال کے خطیب مولانا خلیق الزمان کاکا خیل کو بھی قومی اعزاز سے نوازیں، تاکہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کی حوصلہ شکنی ہو۔
قاری شمس الدین نے ان خیالات کا اظہار اپنے ایک بیان میں کیا،اُن کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ واقعہ نے دین و ملت کو بدنام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ اس واقعے میں ملوث عناصر ایک بے گناہ انسان کے قتل کے جرم کے ساتھ ساتھ دین اور ملک کو بدنام کرنے کے جرم کے بھی مرتکب ہیں، مجرموں کو ان تمام سنگین جرائم کی سخت سزا دی جانی چاہئے۔
فاتحہ خواں مزار قائد نے کہا کہ سیالکوٹ واقعے میں بے گناہ سری لنکن باشندے کو بچانے کیلئے اپنی جان داؤ پر لگانے والے پاکستانی شہری ملک عدنان بجا طور پر قوم کے ہیرو ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ملک عدنان کو ایوارڈ سے نوازنا قابل ستائش ہے۔ اس سے عوام میں شعور بڑھے گا اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی سوچ کی حوصلہ شکنی ہوگی۔
قاری شمس الدین نے 2017 میں شاھی مسجد چترال میں مبینہ گستاخی کے واقعے کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ اپریل 2017 میں اجتماع جمعہ کے دوران ایک مبینہ طور پر پاگل شخص کی جانب سے مجمع کے سامنے قابل اعتراض گفتگو پر نمازیوں میں شدید اشتعال پیدا ہو گیا تھا اور پورا مجمع اس شخص کو گستاخ قرار دے کر قتل کرنے کے درپے ہو گیا تھا۔
اس موقع پر شاہی مسجدکے خطیب مولانا خلیق الزمان کاکا خیل نے اپنی جان پر کھیل کر اس شخص کو اشتعال میں بپھرے ہوئے ہجوم سے بحفاظت نکال کر قانون کے حوالے کیا۔ جس کی پاداش میں مشتعل عوام نے خطیب مولانا خلیق الزمان کاکا خیل کی گاڑی نذر آتش کر دی تھی اور ان کی جان کے پیچھے پڑ گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ خطیب شاہی مسجد چترال کے اس امن پسندانہ عمل کو پاکستان میں موجود بیرونی سفراء اور عالمی اداروں نے بھی سراہاتھا۔ بین الاقوامی نشریاتی اداروں نے ان کے انٹرویوز کئے۔
جرمنی کے سفیر سمیت کئی سفارت کاروں نے خطیب صاحب سے ملاقات کرکے ان کی امن پسندی اور تدبر و بصیرت کی تحسین و ستائش کی، جس کے باعث علاقہ ایک خونی حادثے سے محفوظ رہا، مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ اس وقت کی لیگی حکومت نے خطیب صاحب کے کردار کو کوئی پذیرائی نہیں بخشی۔
مزید پڑھیں: کراچی، ڈیفنس میں نکاح کیلئے مسجدِسکینہ کا تقدس پامال، خواتین کا مسجد میں جشن