کندھ کوٹ :پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ حکومت کی نااہلی اور پی ٹی آئی کی عوام دشمن پالیسیوں سے پردہ اٹھاوں گا جبکہ عمران خان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے لائوں گا۔
آج کے نئے پاکستان سے تو پرانا پاکستان اچھا تھا، نیا پاکستان ایک بھانک خواب نکلا، ملک میں مہنگائی آسمان کو چھورہی ہے،عوام کے حقوق پر کھلا ڈاکا ڈالا گیا ہے، عمران کہتے تھے کہ خودکشی کرلوں گا لیکن قرض نہیں لوں گا، کہاں گئی وہ ایک کروڑ نوکریاں؟ کہاں گئے پچاس لاکھ گھر؟ نیا پاکستان بھیانک خواب ثابت ہوا ہے۔
ہفتہ کوکندھ کوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاسی مخالفین کی زندگیوں سے کھیلا جارہا ہے، سابق صدر آصف زرداری کو بغیر جرم کے جیل میں قید کردیا گیا، حکومت کا ہر ظلم برداشت کرنے کو تیار ہیں مگر عوام پر ہونے والا ظلم برداشت نہیں، عوام ظالم حکومت کو مزید برداشت نہیں کرسکتے، ہم سے انصاف نہیں ہوتا لیکن عوام سے تو انصاف ہونا چاہیے، عمران خان نیازی کی حکومت میں سانحہ ساہیوال کے متاثرین کو انصاف کیوں نہیں ملتا۔
مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان اپنی مدت پوری نہیں کرسکیں گے، بلاول بھٹوزرداری
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو علاج کی سہولت نہ دے کر دبائو میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے، مگر آصف زرداری ڈرا نہیں، جھکا نہیں اور ٹوٹا نہیں ہے۔ہمیں انصاف دو نہ دو سانحہ ساہیوال کے ان بچوں کو ہی انصاف دے دو جن کے سامنے ان کے والدین کو قتل کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ میں حکومت کی نااہلی اور پی ٹی آئی کی عوام دشمن پالیسیوں سے پردہ اٹھاوں گا جبکہ عمران خان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے لائوں گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی پالیسی کی وجہ سے عوام فاقہ کشی پر مجبور ہوگئیہیں، معیشت تباہ ہوگئی ہے، پاکستان تنہا ہوگیا ہے ہم اب ایسی حکومت کو مزید برداشت نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ ملک کا ہر طبقہ سراپا احتجاج ہے، کیا وجہ ہے کہ دنیا ہماری بات سننے کو تیار نہیں اور ہم تنہا کھڑے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے قرض نہیں لوں گا خودکشی کرلوں گا، مگر انہوں نے ملک کی معیشت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے جبکہ عمران خان نے ملک کی معاشی خودمختاری کا سودا ایسا کیا کہ جس کی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن سے پہلے عمران خان نے بڑے بڑے وعدے کیے، کہاں گئے وہ وعدے لاکھوں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے اور عوام کے پاس روزگار نہیں ہے اور نہ ہی بجلی و گیس کا بل دینے کے لیے پیسے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : عوام کو سلیکٹڈ حکومت کے خلاف میرا ساتھ دینا پڑے گا ،بلاول بھٹوزرداری