راولپنڈی اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت ملک بھر کے مختلف شہروں میں پمپ ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال آج سے شروع ہوگئی جس کے نتیجے میں پیٹرول کا بحران پیدا ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرول پمپ ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کررکھا ہے۔ کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
پی ایس او، شیل، ٹوٹل اور دیگر کمپنیزکا پیٹرول پمپس کھلے رکھنے کا فیصلہ
ملک بھر میں کل سے پیٹرول پمپس بند رہیں گے، پیٹرولیم ڈیلرز کا ہڑتال کا اعلان
پشاور، حیدر آباد اور سکھر کے شہری بھی پیٹرول نہ ملنے کے باعث پریشانی کا شکار ہیں۔ فیصل آباد اور بہاولپور کے پیٹرول پمپس پر بھی گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کی لائنیں لگ گئیں۔ کراچی کے شہریوں نے بڑی تعداد میں پمپس کا رخ کر لیا۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں پیٹرول پمپس پر شہریوں کا رش ہے۔ صادق آباد، گجرات، لیاقت پور اور پتوکی سمیت مختلف شہروں میں پیٹرول نہ ہونے کے باعث شہری پریشانی کا شکار ہیں۔ خیبر پختونخوا میں پی ایس او کے علاوہ تمام پیٹرول پمپس بند ہوگئے۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے آج 25 نومبر کی صبح 6 بجے سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رکھنے کا اعلان کیا ہے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی مطالبات تسلیم کیے جانے تک پیٹرول پمپس بند رہیں گے۔