کراچی میں پولیس کی بڑی کارروائی، گاڑیوں کے سائیڈ گلاس چوری کرنے میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: شاہراہِ نور جہاں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے لگژری کاروں کے پینل اور سائیڈ گلاس کی چوری میں ملوث ایک گینگ کے 3 ملزمان گرفتار کرلیے۔

پولیس کی کارروائی کے دوران گینگ کے 3 مزید ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ جو 3 ملزمان گرفتار کیے گئے اُن کی شناخت رضوان ولد رفاقت، حمزہ ولد ندیم اور اسلم ولد امین کے ناموں سے ہوئی۔

ملزمان کے قبضے سے بور پسٹل لوڈ میگزین، پرس، شناختی کارڈ اور مختلف اقسام کے اوزار برآمد کیے گئے ہیں۔ اُن کا گینگ لگژری کاروں کے مہنگے پینل اور سائیڈ گلاس کی چوری میں ملوث ہے۔ملزمان اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ ملکر نارتھ ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مختلف تھانہ جات کی حدود میں رات کے وقت کارروائی کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

عمر کوٹ کے نزدیک زائرین کی کشتی الٹ گئی،1بچی سمیت 3افراد جاں بحق

گرفتار ملزمان کے مطابق چوری کیے ہوئے پینل، گنا منڈی، مصری گئی اور غفور والوں کو بیچتے ہیں اور غفور آگے اسلم کو مال بیچتا ہے جو آگے ریگل پلازہ اور طارق روڈ میں بیچا جاتا ہے۔

ملزمان نے انکشاف کیا کہ طارق روڈ، ریگل اور پلازہ والے مصری گئی والوں کو آرڈر دیتے ہیں اور یہ آرڈر پورا کرنے کے لئے گینگ شہر قائد میں لگژری کاروں کو ٹارگٹ کرکے چوریاں کرتا ہے۔

دوسری جانب شاہراہِ نور جہاں پولیس نے ایک اور کارروائی میں پی ٹی سی ایل کے کیبل کی چوری میں ملوث ملزم کو بھی گرفتار کر لیا۔ ملزم کی شناخت محمد مبین ولد محمد اسماعیل کے نام سے ہوئی جبکہ دورانِ گرفتاری ملزم کے قبضے سے 1 عدد 9mm پسٹل بمعہ راؤنڈ موبائل فون اور نقدی سمیت پرس اور شناختی کارڈ بھی برآمد ہوا۔

بتایا جارہا ہے کہ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی جب ملزم اپنے دیگر ساتھیوں سمیت مزدا ٹرک میں ناگن چورنگی پر کھدائی کرکے کیبل چوری کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ پولیس کو اپنی طرف آتا دیکھ کر ملزم کے دیگر ساتھی مزدا سمیت فرار ہوگئے جبکہ ملزم گرفتار ہوگیا۔

ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر گلبرگ، جوہر آباد، سمن آباد، عزیزآباد، شریف آباد سمیت تیموریہ کی حدود میں کیبل کی چوری میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

Related Posts