سکھر میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 3 بچے گھر کی چھت تلے دب کر جاں بحق ہو گئے جبکہ سکھر کے علاقے نیو پنڈ میں یہ واقعہ چھت کے بوسیدہ ہونے کے باعث پیش آیا۔
افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے متاثرہ مکان تک پہنچ کر ملبہ ہٹانا شروع کردیا جس کے نتیجے میں بچوں کے والد اور 12 سالہ زخمی بچے کو بچا لیا گیا۔
ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو قریبی سول ہسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 6، 9 اور 13 سال تھیں۔ 13 سالہ ناہید، 9 سالہ بے نظیر اور 6 سالہ وسیم کی میتیں بھی ہسپتال منتقل کی جائیں گی۔
مقامی پولیس کے مطابق چھت گرنے کا واقعہ ابتدائی طور پر کسی واردات کا نتیجہ محسوس نہیں ہوتا بلکہ مکان کی چھت بوسیدہ ہونے کے باعث گرگئی جس کے نتیجے میں چھت تلے سونے والے بچے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوئے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل شہرِ قائد سے کشمور جانے والی مسافر کوچ آسمان پر چھائی ہوئی دھند کے باعث حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہو گئے۔
یہ افسوسناک حادثہ ضلع کشمور کی تحصیل کندھ کوٹ میں3 روز قبل پیش آیا جہاں مسافر کوچ حادثے کا شکار ہو کر الٹ گئی جبکہ زخمی ہونے والے 10 مسافروں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
زخمی ہونے والے مسافروں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہریسکیو اہلکار اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کندھ کوٹ کے انڈس ہائی وے کیفے ہوٹل پر جائے حادثہ کا معائنہ کرنے کے لیے پہنچ گئے۔
مزید پڑھیں: کشمور جانے والی مسافر کوچ کا حادثہ، 10 افراد زخمی ہو گئے