کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں ایک اور غیر ملکی فوڈ چین شاپ پر مشتعل افراد نے حملہ کردیا، تاہم سندھ پولیس نے 10افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق مشتعل افراد نے غیر ملکی فوڈ چین کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، پولیس کی بھاری نفری واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا۔
رپورٹ کے مطابق ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے افراد کی تعداد 10 ہے۔ پولیس افسران اور اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر بر وقت پہنچ کر کارروائی کی اور غیر ملی فوڈ چین کی شاپ کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔
اس موقعے پر ریسٹورنٹ میں تعینات پولیس موبائل افسران نے حکمتِ عملی سے کام لیتے ہوئے حملہ آوروں کو مذاکرات میں مشغول کیے رکھا، اس دوران اضافی نفری جائے وقوعہ پر جا پہنچی۔ اس سے قبل گڈاپ میں بھی پولیس کی کارروائی اسی طرح کامیاب ہوئی تھی۔
جمعرات کے روز گڈاپ کے علاقے میں غیر ملکی فوڈ چین شاپ پر مشتعل افراد نے حملہ کردیا تاہم پولیس کی بھاری نفری نے مشتعل افراد پر لاٹھی چارج کر کے مظاہرین کو منتشر کر دیا تھااور 9افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔