نیا پاکستان صحت کارڈ میں کیاکیا سہولیات، حصول کیسے ممکن ہے ؟، مکمل تفصیلات

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Important questions regarding health card

وزیراعظم نے پنجاب میں نیا پاکستان صحت کارڈ پروگرام کا اجراء کردیا ہے،عمران خان کاکہنا ہے کہ یہ ہیلتھ انشورنس نہیں، ہیلتھ سسٹم ہے۔ آئندہ سال مارچ تک پنجاب میں ہر خاندان کو صحت کارڈ میسر ہوگا جس سے سالانہ 10 لاکھ روپے تک کا علاج کروایا جا سکے گا،پنجاب میں ہیلتھ انشورنس پر 3سالوں میں 440ارب روپے خرچ ہوں گے۔

صحت کارڈکیا ہے
1۔نیا پاکستان صحت کارڈکے ذریعے صحت انصاف پروگرام کے لئے مختص کردہ سرکاری یا نجی اسپتالوں میں داخلے کی صورت میں علاج بالکل مفت کیا جائے گا ۔
2۔علاج کی رقم آپ کے اس کارڈ سے کاٹ لی جائے گی۔
3۔ترجیحی علاج کی صورت میں ابتدائی کوریج 3 لاکھ جبکہ اضافی کوریج کیلئے بھی 3 لاکھ سالانہ مختص ہونگے ۔
4۔ثانوی علاج کیلئے ابتدائی کوریج میں ہرخاندان کو60 ہزار جبکہ اضافی کوریج کی صورت میں بھی سالانہ 60 ہزار کی سہولت میسر آئیگی۔

ترجیحی علاج
1۔امراض قلب کا علاج ۔
2۔ذیابیطس سے متعلق پیچیدگیوں کا علاج ۔
3۔حادثاتی چوٹیں یعنی ہڈیوں کی ٹوٹ پھوٹ ۔
4۔سڑک پر ہونے والے حادثات۔
5۔دل ، جگر ، گردوں اور پھیپھڑوں کا علاج ۔
6۔ پیلیا اور کالا یرقان۔
7۔ کینسر کا علاج ۔
8۔ اعصابی نظام کی جراحی(سرجری)۔
9۔آخری درجے پر گردوں کی بیماری کا علاج ۔
10۔ترجیحی علاج میں اسپتال کے اخراج کے بعد ایک بار مفت معائنے کی سہولت بھی موجود ہے۔

ثانوی علاج
1۔زچگی ۔
2۔نارمل ڈیلیوری ۔
3۔سی سیکشن ۔
4۔ آپریشن زچگی کی پیچیدگیاں۔
5۔پیدائش سے پہلے چار بار معائنہ۔
6۔ پیدائش کے بعد ایک بار معائنہ ۔
7۔نوزائیدہ بچے کا ایک بار معائنہ ۔
8۔داخلے سے ایک دن قبل کی ادویات اور اسپتال سے اخراج کے بعد مزید پانچ دن کی ادویات بھی شامل ہیں۔

طریقہ استعمال
1۔مقرر کردہ اسپتال میں پروگرام کا نمائندہ صحت کارڈ کی جانچ کے بعد مریض کو متعلقہ شعبے سے متعلق رہنمائی دیگا۔
2۔داخلی علاج کی صورت میں مریض کو کرائے کی مد میں 1000 روپے ایک سال میں زیادہ سے زیادہ تین مرتبہ ادا کیے جائیں گے۔
3۔مریض پینل کردہ اسپتال میں دوران علاج فوت ہو جائے تو اسکی تجہیز و تدفین کے لیے مبلغ 10000 روپے ادائیگی کی جائیگی۔
4۔صحت انصاف کارڈ کو استعمال کرنے کے لئے آپ اس وقت اہل ہیں ، جب آپ اسپتال میں داخل ہوں۔
5۔ یہ سہولت آپ صرف اس وقت ہی استعمال کر سکتے ہیں جب مریض کو داخلے کی ضرورت ہوگی ۔

کارڈ کا حصول
فی الحال صحت کارڈ پنجاب اور خیبر پختونخوا کیلئے دستیاب ہے۔ سندھ اور بلوچستان میں یہ سہولت نہیں پہنچ سکی۔ نیا پاکستان صحت کارڈکیلئے اپنی اہلیت جانچنے کیلئے 8500 پر قومی شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس کرناضروری ہے اور تصدیقی ایس ایم ایس کے ذریعے آپ کو بتا دیا جائے گا کہ آپ اس کے اہل ہیں یا نہیں ہیں۔

اگر آپ کو اہل قرار دیا گیا ہے تو اپنا صحت انصاف کارڈ حاصل کریں ۔ اپنا کارڈ حاصل کرنے کے لئے اپنے ضلع میں قائم کارڈ ڈسٹری بیوشن سینٹر پر جا کر اپنا کارڈ وصول کریں۔انصاف صحت کارڈکیلئے اصل قومی شناختی کارڈاوربچوں کابے فارم بھی ضروری ہے۔

Related Posts