امریکی صدر ٹرمپ کے لیے بڑی مشکل، ایوانِ نمائندگان نے مواخذے کی قرارداد منظور کر لی

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

امریکی صدر ٹرمپ کے لیے بڑی مشکل، ایوانِ نمائندگان نے مواخذے کی قرارداد منظور کر لی
امریکی صدر ٹرمپ کے لیے بڑی مشکل، ایوانِ نمائندگان نے مواخذے کی قرارداد منظور کر لی

امریکی ایوانِ نمائندگان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی کے حق میں قرارداد منظور کر لی جس کے تحت صدر پر اختیارات کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ایوانِ نمائندگان میں مواخذے کی قرارداد منظور ہونے کے بعد امریکی سینیٹ قرارداد پر رائے شماری کرے گا، سینیٹ میں امریکی عوام کے نمائندے صدر ٹرمپ کی قسمت کا حتمی فیصلہ کریں گے۔

امریکی صدر ٹرمپ پر الزام ہے کہ انہوں نے یوکرائنی صدر پر اپنے سیاسی حریف جو بائیڈن اور ان کے بیٹے کے خلاف بدعنوانی کے الزامات کی تحقیقات کے لیے دباؤ ڈالا جو دراصل اختیارات کا غلط استعمال ہے۔

قرارداد کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے کانگریس کی تفتیش میں رکاوٹ ڈالی، مخالف پارٹی ڈیموکریٹس کو ایوانِ نمائندگان سے صدر کے خلاف مواخذے کے لیے قرارداد پر درکار ووٹ  مل گئے۔

اگر سینیٹ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  کے خلاف مواخذے کی کارروائی شروع کرنے کا عندیہ دے دیا تو ٹرمپ وہ تیسرے صدر ہوں گے جن کا مواخذہ کیا جائے گا۔

ایوانِ نمائندگان میں ووٹنگ اور قرارداد منظوری کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ایوان کے اجلاس کو کل صبح 9 بجے طلب کیا گیا ہے جبکہ امریکی صدر نے کہا ہے کہ مواخذہ وقت کی بربادی ہے، مخالف پارٹی اس سے کچھ حاصل نہیں کرسکتی۔

قبل ازیں ڈیموکریٹس نے ایک ہفتے کی تیاری کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے دستاویزات پیش کردئیے۔ اسپیکر نینسی پلوسی بھی عندیہ دے چکی تھیں کہ ٹرمپ کے خلاف ثبوت واضح ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل  ڈیموکریٹس اراکین کی جانب سے باضابطہ طور پر الزامات عائد کئے جانے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کا کیس تفصیلات کے ساتھ ہاؤس جوڈیشری کمیٹی کو موصول ہوا۔

امریکی میڈیا کے مطابق ڈیموکریٹ وکلا کی جانب سے گزشتہ روز تک  جو الزامات سامنے آئے اس کے مطابق امریکی صدر نے اپنے حریف جو بائیڈن کے خلاف تحقیقات کے لیے یوکرین پر دباؤ ڈالا اور ساتھ ہی امریکی پالیسی کے خلاف امریکی فوج امداد روکی جس سے روس کو فائدہ پہنچا۔

مزید پڑھیں: ڈیموکریٹس نے  ٹرمپ کے مواخذے کا مقدمہ پیش کردیا

Related Posts