وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے توانائی تابش گوہر اپنے عہدے سے مستعفی

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے توانائی تابش گوہر اپنے عہدے سے مستعفی
وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے توانائی تابش گوہر اپنے عہدے سے مستعفی

اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ توانائی تابش گوہر اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں، انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم ہاؤس کو ارسال کردیا۔

تفصیلات کے مطابق معاونِ خصوصی برائے امورِ توانائی تابش گوہر کی کارکردگی سے وفاقی وزیرِ توانائی حماد اظہر نے ناخوشی کا اظہار کیا جس کے بعد تابش گوہر نے استعفیٰ دینے کا اعلان کردیا۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے معاونِ خصوصی برائے امورِ توانائی تابش گوہر کا استعفیٰ منظور کرلیا۔ باوثوق ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وزیرِ توانائی حماد اظہر تابش گوہر کی کارکردگی سے مطمئن نہیں تھے۔

وفاقی وزیرِ توانائی حماد اظہر نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران معاونِ خصوصی کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کیا جبکہ تابش گوہر پر الزام ہے کہ وہ مبینہ طور پر مقامی ریفائنریز کو فوائد پہنچاتے رہے۔

آج سے 8 روز قبل سی سی او سی کے اجلاس میں تابش گوہر نے مقامی ریفائنریز کیلئے پیشگی مراعات کی تجاویز دیں جنہیں وفاقی وزراء اسد عمر اور حماد اظہر نے یکسر مسترد کردیا جس کے بعد استعفے کا فیصلہ سامنے آیا۔

گزشتہ برس اکتوبر کے دوران تابش گوہر وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ توانائی مقرر ہوئے۔ 7 سال تک سی ای او، چیئرمین اور ڈائریکٹر کے الیکٹرک کے عہدے پر فائز رہنے والے تابش گوہر نے 2015 میں استعفیٰ دے دیا تھا۔

بعد ازاں تابش گوہر بجلی و توانائی کے شعبے میں معاونت و مشاورت کی اپنی کمپنی اوسیس کے بانی و سربراہ بنے۔ رواں برس مارچ کے دوران ندیم بابر کے استعفے کے بعد تابش گوہر کو پٹرولیم کے معاونِ خصوصی کا اضافی چارج بھی دے دیا گیا۔ 

یہ بھی پڑھیں: سہیل تنولی پی ٹی آئی میں شامل، آفتاب صدیقی کا مفلر پہنا کر خیرمقدم

Related Posts