اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کاکہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے نوازشریف کو باہر جانے کی اجازت دینے کے عبوری فیصلے کے خلاف فوری اپیل دائر نہ کر نے کا فیصلہ کیا ہے کہ ابھی تفصیلی فیصلہ آناہے، نوازشریف سے متعلق عدالتی فیصلے پر ہمارے پاس اپیل کا موقع موجود ہے ، ہائیکورٹ میرٹ پر فیصلہ جنوری میں کرےگا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کاکہناتھا کہ ،نواز شریف واپس نہ آئے تو شہباز شریف توہین عدالت کے مرتکب ہوسکتے ہیں،کسی کو زرتلافی کے معاملے پر سیاست یا پوائنٹ اسکورنگ نہیں کرنی چاہیے تھی۔
فروغ نسیم نے کہاکہ شہباز شریف ہمیں ضمانت دینے کو تیار نہیں تھے تاہم عدالت میں جا کر ضمانت دی ، لاہور ہائیکورٹ میرٹ پر فیصلہ جنوری میں کریگا،سماعت میں ہم انڈمنٹی بانڈ پر زور دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ ہم کرپشن فری معاشرہ بنا دیں تو ملک ترقی کرے گا،ماضی میں اربوں روپے رشوت اور کک بیکس کی منی لانڈرنگ ہوئی،لاہور ہائیکورٹ نے تسلیم کیا کہ چار ہفتے کی اجازت درست ہے،اگر ہمارا فیصلہ غلط ہوتا تو لاہور ہائیکورٹ اس کو مسترد کر سکتا تھا۔
انہوں نے کہاکہ اب ہم جنوری کو دیکھ رہے ہیں تب سیر حاصل بحث ہو گی،وفاقی حکومت کو اپیل کرنے کا حق اب بھی حاصل ہے،نواز شریف سے سیاسی میدان میں مقابلہ کریں گے۔
فروغ نسیم نے کہاکہ کیس کا عبوری فیصلہ ہوتا ہے اور مکمل فیصلہ ہوتا ہے،سپریم کورٹ عبوری فیصلہ پر اپیل نہیں سنتا،جب لاہور ہائیکورٹ حتمی فیصلہ دے گا تو اپیل کر سکیں گے،کوئی بھی قیدی جس کا علاج پاکستان میں نہ ہو سکے تو وہ باہر جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ برطانیہ سے قیدیوں کے تبادلے پر معاہدے پر کام ہو رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ سابق وزیر اعظم عدالت سے اجازت لے کر گئے اور انکے کنٹرول میں آتے ہیں۔
ایک سوال پر فروغ نسیم نے کہاکہ میری دعائیں آصف زرداری کے ساتھ ہیں ،انکے علاج کا معاملہ عدالت نے طے کرنا ہے،آصف زرداری نے اگر باہر جانا کیلئے درخواست دی تو میرٹ پر فیصلہ کریں گے۔
وزیر قانون فروغ نسیم نے کہاکہ کریمنل جسٹس سسٹم پر بہتری کیلئے کام شروع کر دیا،فورنزک سسٹم کو بہتر کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ چھوٹے جرائم میں ملوث 65 عمر سے زائد مرد اور خواتین کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں اٹھ نکاتی ایجنڈے پر غور کیاگیا،وزیراعظم نے معاشی صورتحال پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایاکہ وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو جاری کھاتوں کے خسارے کو روکنے پر مبارکباد دی، وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت معاشی میدان میں کامیابی حاصل کر رہی ہے جس کا فائدہ عوام کو پہنچے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ عدالتوں کے فیصلے کو من و عن قبول کریں گے، وزیراعظم