اسلام آباد: وزیرِ خزانہ شوکت ترین نے ڈالر کی اڑان شروع ہونے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ روپے کی قدر کم ہونے سے مہنگائی میں اضافے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے روز انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں مزید 12پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ فاریکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 166روپے 52 پیسے ہوگئی ہے۔
گزشتہ 4 ماہ میں ڈالر کی قیمت میں 13 روپے 69 پیسے کا اضافہ ہوا۔ وزیرِ خزانہ شوکت ترین نے روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کے حوالے سے کہا کہ روپے کی قدر گرنے سے مہنگائی کا خدشہ ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ شوکت ترین نے مزید کہا کہ نیب کا خوف وزارتِ خزانہ سمیت تمام وزارتوں میں پایا جاتا ہے۔ زیادہ بات نہیں ہوسکتی، پہلے بات کرنے پر نیب سے نوٹس آگیا تھا۔
گفتگو کے دوران وزیرِ خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں طرف کی سیاسی قیادت مل بیٹھ کر نیب کا ناجائز ڈر ختم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔
پروگرام میں شریک ن لیگی رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے دورِ حکومت کے آخری ایام میں ایک طاقتور شخصیت سے کہا گیا کہ نیب اور سپریم کورٹ نے حکومت پر چڑھائی کی۔
ن لیگی رہنما احسن اقبال نے مزید کہا کہ مذکورہ شخصیت سے یہ بھی کہا گیا کہ جان بچانے کیلئے افسران فائلیں گھمائیں گے اور کوئی حکومت چل نہیں سکے گی، 3سالہ نیب گردی نے رہی سہی کسر بھی پوری کردی۔
یہ بھی پڑھیں: مزید دو لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری دے دی گئی