کوالالمپور سمٹ میں پاکستان کی عدم شرکت کی وجہ سعودی عرب کا دباؤ تھا، طیب اردوان

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

erdogan summit
کوالالمپور سمٹ میں پاکستان کی عدم شرکت کی وجہ سعودی عرب کا دباؤ تھا، طیب اردوان

کوالا لمپور: ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ کوالالمپور سمٹ میں پاکستان کی عدم شرکت کی وجہ سعودی عرب کا دباؤ تھا، سعودی عرب نے پاکستان کو اسٹیٹ بینک میں رکھی ہوئی رقم واپس نکالنے کی دھمکی دی تھی ۔

ترک صدر طیب اردوان کا کہنا تھا کہ یہ کسی بھی ملک کے لیے پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے مخصوص معاملات پر دباؤ ڈالا ہو،سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے ہمیشہ رکاوٹیں ڈالی جاتی رہی ہیں۔

ترک صدر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ سمٹ میں شرکت کی صورت میں سعودی عرب نے اپنے ملک میں 40 لاکھ پاکستانیوں کو ہٹا کر اُن کی جگہ بنگلا دیشی شہریوں کو ملازمت دینے اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کرائی گئی سعودی امدادی رقم واپس لینے کی دھمکی بھی دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کوالالمپور کانفرنس، ملائیشیا، ترکی کا او آئی سی پر مسلمانوں کے دفاع کے لئے زور

صدر طیب اردوان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے سمٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ اپنی کمزور معیشت، مالی دشواریوں اور 40 لاکھ پاکستانیوں کے روزگار کی خاطر کیا، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کی جانب سے اسی قسم کا دباؤ کا سامنا انڈونیشیا، عراق، شام اور صومالیہ کو بھی کرنا پڑا ہے۔

ترک صدر کے اس بیان پر دفتر خارجہ کی جانب سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں ہوا،اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کو فون کرکے سمٹ میں شرکت کرنے سے معذرت کرلی ہے۔

پاکستان نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے تحفظات کے سبب چار روزہ اجلاس میں شرکت سے معذرت کی تھی،سعودی عرب نے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پونے 2 ارب مسلمانوں کے اہم مسائل پر گفتگو کے لیے یہ سمٹ غلط فورم ہے۔

Related Posts