کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایئر پورٹ کے نزدیک راکٹ حملے میں دو افراد ہلاک جبکہ تین افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
افغان میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ راکٹ حملہ کابل ایئرپورٹ کے مغربی علاقے خواجہ بغرا میں ہوا۔ راکٹ ایئرپور ٹ کے نزدیک رہائشی علاقے میں ایک مکان پر گرا۔
راکٹ حملے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، ایمبیولینسوں کے ذریعے لاشوں اور زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ واضح رہے کہ ابھی تک کسی نے اس راکٹ حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھی کابل ایئرپورٹ کے باہر یکے بعد دیگرے ہونے والے دھماکوں میں امریکی فوجیوں سمیت 150سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ نام نہاد دہشتگرد تنظیم اسلامک سٹیٹ نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
یہ راکٹ حملہ کابل ائیرپورٹ کے باہر حملے کے صرف تین دن بعد ہوا ہے۔ ان حملوں میں 13 امریکی فوجی اہلکاروں سمیت 170 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، جو افغان طالبان کی حکومت سے فرار ہونے کی کوششوں میں جمع تھے۔
امریکا نے ایک ڈرون حملے کی صورت اس حملے کا جواب دیا تھا۔ امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ اس ڈرون حملے میں داعش کے دو اہم رہنما مارے گئے تھے۔
مزید پڑھیں: بہاولنگر، مرکزی امام بارگاہ کے باہر دھماکہ، 1 شخص جاں بحق، متعدد زخمی