سمندر پار پاکستانیوں نے معیشت کو سنبھال لیا، ترسیلات زر میں 29فیصد سے زائدکا اضافہ

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

traders concerns over rise interest rates

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہاہے کہ مئی 2021 میں کارکنوں کی ترسیلات زر کی شاندار کارکردگی جاری رہی اور وہ مسلسل بارہویں مہینے 2ارب ڈالر سے زائد رہیں جو ایک ریکارڈ ہے۔

مرکزی بینک سے جاری اعلامیہ کے مطابق مئی 2021 میں موصول ہونے والی ترسیلات 2.5 ارب ڈالر تھیں جو گذشتہ سال کے اسی مہینے سے 33.5 فیصد زیادہ ہے۔ یہ ترسیلات جولائی تا اپریل مالی سال 21 کے دوران 2.4 ارب ڈالر کی ماہانہ اوسط سے بھی زیادہ تھیں۔

ماہانہ بنیاد پر کارکنوں کی ترسیلات مئی 2021 میں اپریل 2021 کے مقابلے میں 10.4 فیصد گر گئیں۔ یہ کمی متوقع تھی کیونکہ عموما عیدالفطر کے بعد کے زمانے میں ترسیلات کی رفتار آہستہ ہوجاتی ہے۔ چونکہ عید وسط مئی 2021 میں پڑی تھی اور مارکیٹیں ایک ہفتہ پہلے بند ہوگئیں اس لیے اپریل 2021 میں ترسیلات کی کچھ فرنٹ لوڈنگ ہوئی۔

مئی 2021 میں ہونے والی موسمی کمی مالی سال 2016-2019 کے دوران دیکھی گئی اوسط کمی کے نصف سے نیچے تھی۔ مالی سال 2020 میں خلیجی ممالک میں عید کے بعد کے زمانے میں کووڈ لاک ڈان میں نرمی کی وجہ سے ترسیلات میں بھاری اضافہ ہوا۔

مزید پڑھیں:سندھ حکومت کا بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے 200 ارب رکھنے کا فیصلہ

مجموعی بنیاد پر جولائی تا مئی مالی سال 21 کے دوران ترسیلات بڑھ کر 26.7 ارب ڈالر ہوگئیں جو پچھلے برس کی اسی مدت سے 29.4 فیصد زیادہ ہے۔ مالی سال 21 کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران ہی ترسیلات زر پورے مالی سال 20 کی سطح سے 3.6 ارب ڈالر زیادہ ہوچکی ہیں۔

جولائی تا مئی مالی سال 21 کے دوران موصول ہونے والی ترسیلات زر زیادہ تر سعودی عرب (7.0ارب ڈالر)، متحدہ عرب امارات (5.6 ارب ڈالر)، برطانیہ (3.7ارب ڈالر)اور امریکہ (2.5ارب ڈالر)سے آئیں۔

مالی سال 21 میں کارکنوں کی ترسیلات زر کو ریکارڈ سطح پر لانے میں جو عوامل مددگار رہے ہیں ان میں باضابطہ ذرائع سے رقوم کی زائد آمد کی حوصلہ افزائی کی خاطر حکومت اور اسٹیٹ بینک کے فعال پالیسی اقدامات، کورونا کے باعث سرحد پار سفر کا محدود ہونا، وبا کے دوران بہبودی رقوم کی پاکستان کو منتقلی اور بازار مبادلہ میں استحکام کی صورت حال شامل ہیں۔

Related Posts