معروف گلوگارہ اوراداکارہ رابی پیرزادہ نے اپنی نازیبا اورغیراخلاقی ویڈیوز لیک ہونے کے بعد شوبز سے کنارہ کشی اختیارکرلی۔
رابی پیرزادہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر اپنی مختصر ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میں رابی پیرزادہ شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرتی ہوں، اللہ تعالیٰ میرے گناہوں کو معاف کرے اور میرے حق میں لوگوں کا دل نرم کرے‘۔
گلوکارہ نے اپنے ٹوئٹ میں قرآن پاک کی آیت لکھی جس کا ترجمہ یہ ہے ’اللہ جسے چاہے عزت اور جسے چاہے ذلت دے،رابی پیرزادہ نے ٹوئٹر پیغام کے آخر میں ہیش ٹیگ ’SaveASoul#‘ بھی لکھا۔
اداکارہ وگلوکارہ کے شوبز چھوڑنے کے اعلان پر ان کی ٹوئٹ پر کئی مداحوں نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کا ساتھ دینے کا بھی عہد کیا۔
گلوکارہ رابی پیرزادہ دوسروں پرتنقید کرنے کے باعث خبروں کی زینت بنتی رہتی ہیں لیکن گزشتہ ہفتے گلوکارہ کی نازیبا اور غیر اخلاقی ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں جس کے بعد وہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بھی بن گئی تھیں۔
رابی پیرزادہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ان کے موقف کا مداحوں کی جانب سے انتظار کیا جارہا تھا ۔ گلوکارہ نے ٹوئٹر کے ذریعے کہا تھا کہ جوبندہ دنیا میں کسی بندے کی پردہ پوشی کرے گا اللہ عزوجل قیامت کے دن اس کی پردہ پوشی فرمائے گا۔
گزشتہ روز ایسی افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ رابی پیر زادہ نے خود کشی کر لی ہے تاہم اس کی تردید ان کے والد نے کی تھی، گلوکارہ کے والد ہمایوں پیرزادہ نے خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ رابی پیرزادہ بالکل ٹھیک ہے اور ایسی پھیلائی گئی تمام خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں۔
مزید پڑھیں: رابی پیرزادہ کی خودکشی سے متعلق خبروں پر والد کا بیان سامنے آگیا