اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، نیدرلینڈ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،بہت سی ڈچ کمپنیاں پاکستان میں کامیابی کیساتھ کاروبار کر رہی ہیں،اقتصادی ،ثقافتی سفارتکاری کو بروئے کار لا کر دنیا کی توجہ پاکستان میں کاروبار اور سیاحت کے میسر مواقعوں کی طرف دلا رہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق نیدرلینڈ کی ملکہ میکسمہ نے وزارت خارجہ کا دورہ کیا جہاں ان کا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خیر مقدم کیا۔ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے پاکستان میں عوام کی اقتصادی بحالی اور سماجی معاشی ترقی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال ،فریقین نے قابل تجدید توانائی، زراعت اور ہارٹی کلچر کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج دنیا بھر میں پاکستان کی شناخت ایک پرامن ملک کے طور پر ہو رہی ہے ،برطانوی شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان کے بعد نیدرلینڈ کی ملکہ مکسیمہ کی پاکستان آمد پاکستان کے مثبت تشخص کا اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، نیدرلینڈ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،بہت سی ڈچ کمپنیاں پاکستان میں کامیابی کے ساتھ کاروبار کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی اور ثقافتی سفارت کاری کو بروئے کار لا کر دنیا کی توجہ پاکستان میں کاروبار اور سیاحت کے میسر مواقعوں کی طرف دلا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خواتین پر تشدد کے بارے میں تحریک انصاف کی پالیسی نہایت واضح ہے، شاہ محمود قریشی