کراچی:پائمانے حکومت سے پولیسٹر یارن پر کسٹم ڈیوٹی9فیصد کرنے،اینٹی ڈمپنگ ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر خزانہ شوکت ترین یارن پر بجٹ میں اعلان کردہ ڈیوٹی میں کمی کا وعدہ پورا کریں۔
پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ثاقب نسیم،وائس چیئرمین سندھ بلوچستان ریجن محمد جنید تیلی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے بجٹ22-2021میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے بنیادی خام مال پولیسٹر یارن پر کسٹم ڈیوٹی9 فیصد کرنے کااعلان کیا گیا تھا لیکن کئی ماہ گزرنے کے باوجود نہ تو کسٹم ڈیوٹی کم کی گئی اور نہ ہی اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی ختم کی گئی۔
پائما رہنماؤں نے منیجنگ کمیٹی کے پہلے اجلاس میں تمام ممبران کی متفقہ رائے سے وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت وسرمایہ کاری عبدالرزاق داؤداور مشیر خزانہ وریونیوشوکت ترین سے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے پولیسٹر یارن پرعائد 11فیصد کسٹم ڈیوٹی کو کم کرکے9فیصد کرے اسی طرح ٹیکسٹائل انڈسٹری خاص طور پر ایس ایم ایز کے بہتر ترین مفاد میں پولیسٹریارن پر عائد اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی ختم کی جائے۔
اجلاس میں محمدعثمان، خورشیدشیخ، حنیف لاکھانیء، ثاقب گڈلک، فرحان اشرفی، جاوید خانانی، الطاف ہارون، نعمان الیاس، آصف امان اللہ، بہروز کپاڈیہ، شعیب شریف، رضوان الماس، سہیل نثاراور رضوان دیوان نے بھی شرکت کی۔
مزید پڑھیں:گوشت کی صنعت بھی ملکی برآمدات کے فروغ میں اہم ثابت ہوسکتی ہے، اسماعیل ستار