اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاک فوج نے 1965ء کی جنگ میں دشمن کو بتا دیا کہ ہم ہر قیمت پر مادرِ وطن کے چپے چپے کا دفاع کرسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یومِ دفاع و شہدائے پاکستان کے موقعے پر قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کی فعال سفارت کاری کے باعث عالمی برادری کو بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والا ظلم نظر آیا۔ مظلوم کشمیریوں پر ظلم ستم بند ہونا چاہئے۔
یومِ دفاع کے موقعے پر پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان نسل پرست مودی حکومت اور بھارت کا سفاک چہرہ بے نقاب کرتا رہے گا۔ عالمی برادری قیامِ امن کیلئے پاکستان کا کردار تسلیم کرچکی ہے۔ امن کیلئے ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ زندہ قومیں چیلنجز کا سامنا کرکے ہی مضبوط اور طاقتور بنتی ہیں۔ پاکستانی قوم بھی اپنے دفاع کیلئے کھڑی ہوئی جب 1965 کی جنگ میں دشمن نے مادرِ وطن کی سلامتی کو میلی آنکھ سے دیکھا۔ دشمن کو بھرپور جواب دیا گیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کے روز بھارت نے پاکستان کے خلاف جب غیر اعلانیہ جنگ چھیڑی تو پوری قوم مادرِ وطن کا دفاع کرنے والوں کے حق میں کھڑی ہوئی اور بہت سے لوگوں نے خالی ہاتھوں کے ساتھ ہی سرحد کی طرف مارچ شروع کردیا۔
انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد کا یہ مظاہرہ پہلے سے پر عزم مسلح افواج کی جرات و بہادری کیلئے دشمن کے خلاف ڈھال بن گیا جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ پاک فوج کے سپاہیوں، افسران، پائلٹس اور بحری جہاز رانوں نے دنیا کو بتا دیا کہ ہم مادرِ وطن کے چپے چپے کا دفاع کرسکتے ہیں۔
پاک فوج نے مادرِ وطن کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنایا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری فوج بہادری سے دشمن کے خلاف لڑی اور اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے پاک سرزمین کی حفاظت کو یقینی بنایا۔ جانوں کی قربانیاں دیں اور ملک کی سرحدوں کے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔
خیال رہے کہ آج ملک بھر میں یومِ دفاع و شہدائے پاکستان ملی جوش و جذبے اور یکجہتی کے ساتھ منایا جارہا ہے جس کا مقصد پاک فوج اور مادرِ وطن سے محبت کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔
آج سے ٹھیک 56 برس پہلے 1965 کی جنگ میں پاک فوج نے دشمن کے دانت کھٹے کردئیے، پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری سمجھنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔
پاک فوج کے جوانوں نے مادرِ وطن کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو عبرت ناک شکست دی۔ شہدائے پاکستان کی قربانیوں کے نتیجے میں ارضِ وطن کی آزادی کی حفاظت یقینی بنائی گئی۔
مزید پڑھیں: یومِ دفاع و شہدائے پاکستان ملی جوش و جذبے سے آج منایا جارہا ہے