پاکستان میں 10سال کے طویل عرصے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کی امیدیں مزید روشن

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

test cricket in Pak
پاکستان میں 10سال کے طویل عرصے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کی امیدیں مزید روشن

اسلام آباد:پاکستان میں 10سال کے طویل عرصے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کی امیدیں مزید روشن ہو گئی ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ کی سیریز کے میچز کراچی اور راولپنڈی میں کرانے کی تجویز پیش کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گرد حملوں کے بعد پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے اور اس کے بعد سے پاکستان میں ایک بھی ٹیسٹ میچ کا انعقاد نہ ہو سکا اور نتیجتاً قومی ٹیم کو اپنے تمام ٹیسٹ میچز متحدہ عرب امارات یا دیگر مقامات پر کھیلنے پڑے۔

حال ہی میں محدود اوورز کی سیریز کے لیے پاکستان آنے والی سری لنکن ٹیم کے کامیاب دورے کے بعد پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کے انعقاد کے امکانات مزید روشن ہو گئے ہیں۔

محدود اوورز کی سیریز کے لیے 10 اہم اور سینئر سری لنکن کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد سری لنکن نے نوجوان اور قدرے ناتجربہ کار ٹیم کو پاکستان بھیجا تھا تاہم کامیاب دورے کے بعد مذکورہ کھلاڑیوں نے پاکستان میں سیکیورٹی اور ماحول کو کھیل کے لیے شاندار قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے سینئر کھلاڑیوں کو پاکستان آنے کے لیے راضی کرنے کی کوشش کریں گے۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں 14 رنز سے شکست دیدی

پی سی بی نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ کراچی اور لاہور کے بجائے راولپنڈی میں کرانے کی تجویز پیش کی ہے جہاں راولپنڈی میں آخری مربتہ 2004 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کی میزبانی کی تھی۔

سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی میں منعقد کرانے کی تجویز دی گئی ہے جس نے پاکستان میں 2009 میں کھیلے گئے آخری ٹیسٹ میچ کی میزبانی کی تھی۔ٹیسٹ سیریز کے لیے لاہور کو نظرانداز کردیا گیا جس کی وجہ صوبے بھر میں اسموگ اور ٹیسٹ میچ کے لیے دن کے کم اوقات و روشنی کے مسائل کے سبب صوبہ پنجاب کے دارالحکومت کو زیر غور نہیں لایا گیا۔

پاکستان نے ابھی سری لنکا کو اس سیریز کے میچز ان دو مقامات پر منعقد کرانے کی تجویز پیش کی ہے تاہم ابھی تک سری لنکن بورڈ نے ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے حتمی رضامندی ظاہر نہیں کی ہے۔

Related Posts