کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک روزہ مندی کے بعد کاروباری ہفتے کے دوسرے روزمنگل کو اتار چڑھائو کے بعد تیزی رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس کی 33100 کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی۔
تیزی کے نتیجے میں سرمایہ کاری مالیت میں 29 ارب 55 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ، کاروباری حجم گذشتہ روزکی نسبت 35.82 فیصدکم جبکہ54.65 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سیاسی افق پر بے یقینی، فروخت کے دبائو اور پرافٹ ٹیکنگ کے سبب منگل کو کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا۔
یہ خبر بھی پڑھیں : پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کا تسلسل ٹوٹ گیا
ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 32958 پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی دیکھا گیا تاہم بعد ازاں حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہائوس سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے کیمیکل، توانائی، فرٹیلائزر، سیمنٹ اوردیگرمنافع بخش سیکٹرکی نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پر خریداری کی گئی، جس کے نتیجے میں مندی اثرات زائل ہوگئے اور دوران ٹریڈنگ ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 33240 پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی دیکھا گیا ۔
ملکی معاشی ناگفتہ بہ صورتحال کے باعث مقامی سرمایہ کار گروپوں نے نئی سرمایہ کاری سے گریزکیا جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا تاہم اتار چڑھائو کا سلسلہ سارا دن جاری رہا۔ مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس 114.23 پوائنٹس اضافے سے 33198.96 پوائنٹس پر بند ہوا۔
منگل کو مجموعی طور پر 344 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے188 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،135 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 21 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 29 ارب 55 کروڑ 28 لاکھ 85 ہزار 644 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 65 کھرب 41 ارب 36 کروڑ 68 لاکھ 94 ہزار 800 روپے ہوگئی۔ منگل کو مجموعی طور پر 8 کروڑ 36 لاکھ 12 ہزار 250 شیئرز کا کارو بار ہوا، جو پیر کی نسبت 4 کروڑ 66 لاکھ 72 ہزار 890 شیئرز کم ہیں۔
قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے نیسلے پاک کے حصص سرفہرست رہے، جس کے حصص کی قیمت 300.00 روپے اضافے سے 6300.00 روپے اور بھنیرو ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت 35.68 روپے اضافے سے914.99 روپے پر بند ہوئی۔ نمایاں کمی وائتھ پاک لمیٹڈکے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت 23.02 روپے کمی سے679.98 روپے اور جوبلی لائف انشورنس کے حصص کی قیمت 16.78 روپے کمی سے318.93 روپے ہوگئی۔
مزید پڑھیں :پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک دن کی تیزی کے بعد پھرمندی کے بادل چھاگئے