اسلام آباد: فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا جس کے بعد ملک کو بے شمار معاشی فوائد کا امکان ہے۔
آیئے جائزہ لیتے ہیں کہ گرے لسٹ سے نکلنے کے بعد پاکستان کو کونسے معاشی فائدے ہونگے:
1 فیٹف کی گرے لسٹ سے نام نکلنے کے بعد جہاں پاکستان ممکنہ معاشی پابندیوں کے خطرات سے بچ گیا ہے وہیں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ بھی بہتر ہوگی۔
2 پاکستان میں براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے سمیت ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے اور بین الاقوامی تجارت میں آسانی ہوگی۔
3 پاکستان کیلئے درآمدات و برآمدات کی نئی راہیں کھلنے کے ساتھ ساتھ ترسیلات ِ زر میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔ پاکستان عالمی مارکیٹ میں آسانی سے بانڈ جاری کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف ممالک اور عالمی مالیاتی اداروں سے بلا رکاوٹ قرض حاصل کرسکے گا۔
4 گرے لسٹ سے نکلنے کا پاکستان کو سب سے بڑافائدہ یہ ہوا ہے کہ پاکستان فیٹف اور دیگر عالمی ریگولیٹر کی سخت نگرانی سے نکل گیا ہے، پاکستان عالمی مالیاتی اداروں سے مالی روابط بلا خوف جاری رکھے گا۔ تمام بین الاقوامی بینک اور مالی ادارے پاکستان میں اپنا کام جاری رکھیں گے۔
5 اب بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور بینکوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری یا بزنس کے حوالے سے خدشات یا خطرات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، پاکستان کو بین الاقوامی فنانشل سسٹم تک رسائی میں کسی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔