ایشین والی بال چیمپئن شپ، پاکستان نے بھارت کو شکست دے دی
ایشین والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں ساتویں پوزیشن کے ساتھ اولمپک کوالیفکیشن ٹورنامنٹ میں بھی جگہ حاصل کرلی۔
تہران میں جاری ایشین ایونٹ میں پاکستان نے بھارت کو 5 سیٹس کے میچ میں 25-23، 25-21، 20-25، 19-25 اور 15-6 سے شکست دے دی، ابتدائی 2 گیمز میں پاکستانی کھلاڑی چھائے رہے اور انہوں نے 25-23 اور21-21 سے میچ پر اپنی گرفت مضبوط بنانے کی کوشش کی، تیسرے اور چوتھے سیٹ میں بھارت نے عمدہ کم بیک کیا اور 25-20 اور 25-19سے مقابلہ برابر کر دیا، پانچویں اور فیصلہ کن سیٹ میں پاکستان نے بھارت کےخلاف 6 کے مقابلے میں 15 پوائنٹس سے کامیابی سمیٹ کر میچ اپنے نام کیا۔
بھارت کو شکست دے کر پاکستان والی بال ٹیم نے نہ صرف ٹورنامنٹ میں ساتویں پوزیشن اپنے نام کر لی بلکہ جنوری 2020 میں چین میں شیڈول اولمپک کوالیفکیشن ٹورنامنٹ میں بھی جگہ بنالی جہاں اس ٹورنامنٹ کی سرفہرست 8 ٹیمیں شامل ہوں گی۔
ایشین والی بال چمپیئن شپ کے فائنل میں میزبان ایران اور آسٹریلیا کے درمیان یک طرفہ مقابلہ ہوا جہاں میزبان ٹیم نے ٹورنامنٹ 3:0 سے جیت کر چمپیئن کا اعزاز حاصل کرلیا،ایران نے فائنل میں آسٹریلیا کو 25-14، 25-17 اور25-21 سے شکست دی۔