اسلام آباد: قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی بھرپور حمایت کے لیے شکریہ ادا کیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ امت مسلمہ کے مفادات اور بھائی چارے کے حوالے سے ترکی کا کردار ہمیشہ قابل قدر اور لائق تحسین رہا ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے، کم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں خوفناک زلزلے سے 30 افراد جاں بحق، 400 سے زائد زخمی
ترک صدر رجب طیب اردوان سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستانی مؤقف اور کشمیر کاز کے لیے ترکی کی بھرپور حمایت ہمارے لیے حوصلہ افزا ہے۔ ترکی نے بلا شبہ پاکستان سے دوستی کا حق ادا کردیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ پاکستانی قوم اور ترک عوام دو سچے دوست اور قابل اعتماد بھائی قرار دئیے جاسکتے ہیں اور ہر پاکستانی کو اپنے ہر ترک بھائی پر فخر ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ترکی نے واضح، دو ٹوک اور واشگاف الفاظ میں اپنا مؤقف عالمی برادری کے سامنے پیش کیا جس سے امت مسلمہ کے مفادات اور جذبہ اخوت میں ترکی کا قابل قدر کردار واضح ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکی کے واضح مؤقف سے کشمیریوں کو پیغام گیا کہ وہ اکیلے نہیں ہیں۔ ہم پاکستانی عوام کی طرف سے ترکی کے صدر، حکومت اور عوام کے تہ دل سے شکر گزار ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ترک صدر طیب اردوان سے ملاقات کی جس کے دوران مسئلہ کشمیر سمیت خطے کی مجموعی صورتحال اور پاک ترکی تعلقات سمیت اہم بین الاقوامی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
نیو یارک میں وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائن پر ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل 51 روز سے جاری کرفیو، ذرائع نقل و حمل اور مواصلاتی نظام کے تعطل سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو کی۔
مزید پڑھیں: نیو یارک میں وزیر اعظم عمران خان کی ترک صدر طیب اردوان سے ملاقات ، مسئلہ کشمیر پر گفتگو