لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ پی ڈی ایم کو نازک موقع پر منفی سیاست زیب نہیں دیتی۔یہ وقت سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کا نہیں بلکہ اتحاد اور اتفاق کا ہے۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، سب سے پہلے ہم سب کے لئے پاکستان کا مفاد مقدم ہے اور یہ مقدم رہے گا۔
افسوس کا مقام ہے کہ اپوزیشن جماعتیں موجودہ حالات میں بھی سیاسی دکانداری چمکا رہی ہیں – جلسے جلوسوں سے ملک کو آگے لے کر نہیں جایاسکتا۔موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔
اپوزیشن جماعتوں کو ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر قومی مفادات کو ترجیح دینی چاہیئے- اپوزیشن جماعتوں کا منفی رویہ قومی مفادات سے متصادم ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی خصوصی ہدایت پر شہریوں کو گھر کی دہلیز پر کورونا ویکسی نیشن کی مہم جاری ہے،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ روزانہ 10لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کی خصوصی مہم کامیابی سے جاری ہے۔
پنجاب میں 18 ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔یہ خصوصی ٹیمیں گھر گھر پہنچ رہی ہیں، شہری سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔شہری ویکسین لگوا کر شہری اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کو کورونا سے محفوظ بنائیں۔
شہریوں کو ان کی دہلیز پر کورونا ویکسینیشن کی خصوصی مہم 12 نومبر تک جاری رہے گی۔انہوں نے کہاکہ پنجاب کو کورونا کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
مزید پڑھیں: وفاقی حکومت اور کالعدم ٹی ایل پی کے مابین معاملات طے پا گئے