کوئٹہ: نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے آج گوادر اور اورماڑہ میں پاک بحریہ کی تنصیبات کا دورہ کیا ہے جس کے دوران میرینز ٹریننگ سینٹر کے نئے سیٹ اپ کا افتتاح بھی کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی گوادر پہنچے جہاں کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے نیول چیف کا استقبال کیا۔ نیول چیف نے گوادر میں میرینز ٹریننگ سینٹر کے نئے سیٹ اپ کا افتتاح کیا۔میرینز ٹریننگ سینٹر پاکستانی اور دوست ممالک کے میرینز آفیسرز کو بنیادی تربیت اور ایڈوانس کورسز فراہم کرے گا۔
بعدازاں نیول چیف نے اورماڑہ دورے کے دوران 21ویں ائیر ڈیفنس بٹالین کے نئے انفراسٹرکچر کا افتتاح کیا۔ نیول چیف نے کہا کہ پاک بحریہ کا نیا ائیر ڈیفنس سیٹ اَپ ساحلی تنصیبات کے فضائی دفاع کو مزید مستحکم کرے گا۔پاک بحریہ قومی بحری مفادات کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔
دورے کے دوران نیول چیف نے کوسٹل ایریا میں تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے عزم اور جذبے کو سراہا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف کا دورۂ گوادر اور اورماڑہ بحریہ کی وطن کے دفاع کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کی کاوشوں کا حصہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بحریہ قومی مفادات کے تحفظ کی صلاحیت رکھتی ہے۔نیول چیف