اسلام آباد: نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ پاک بحریہ خطے کی مضبوط بحری قوت کے طور پر جانی اور پہچانی جاتی ہے جبکہ آپریشن سومنات میں آبدوز غازی نے دشمن کے اوسان خطا کردئیے۔
تفصیلات کے مطابق امیر البحر ایڈمرل امجد خان نیازی نے قومی یومِ بحریہ کے موقعے پر قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آج کا دن بحریہ کے عظیم سرفروشوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
امیر البحر ایڈمرل امجد خان نے کہا کہ آج کے روز آبدوز غازی نے ملک کی بحری سرحدوں کی حفاظت کیلئے بے مثال تاریخ رقم کرتے ہوئے دشمن کی بحری فوج کو بھارتی بندرگاہ تک محدود کردیا۔
نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے مزید کہا کہ پاک بحریہ عالمی پانیوں میں امن و استحکام کے قیام کو یقینی بنا رہی ہے۔ آج کے دن خون کے آخری قطرے تک ثابت قدم رہنے کا عہد کرتے ہیں۔
چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ 8 ستمبر کا دن پاک بحریہ کے شہداء اور غازیوں کے دلیرانہ کارناموں اور غیر معمولی بہادری کی یادگار ہے جو جواں مردی سے لڑے۔
ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ یومِ بحریہ ہماری تاریخ میں سنہری باب کے طور پر رقم ہے جو آنے والی نسلوں کیلئے باعثِ فخرہے۔ پاک بحریہ کے بیڑے نے دشمن کے دانت کھٹے کردئیے تھے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں پاک بحریہ کا قومی دن آج ملی جوش و جذبے و ولولے سے منایا جارہا ہے جس کا مقصد سن 1965ء کی جنگ میں پاکستان نیوی کے کارناموں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 8 ستمبر کو ملک کی بری و فضائی افواج کے ساتھ دشمن کو ناکوں چنے چبوانے والی پاک بحریہ کے شاندار کارناموں کی یاد میں قومی یومِ بحریہ منایا جاتا ہے۔ سن 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں 8 ستمبر کا دن پاک بحریہ نے اپنے نام کیا۔
مزید پڑھیں: پاک بحریہ کا قومی دن ملی جوش و جذبے سے آج منایا جارہا ہے