پشاور: جے یو آئی رہنما حافظ حسین اور مولانا شیرانی کے بعد مولانا شجاع ملک نے بھی مولانا فضل الرحمان کے خلاف بغاوت کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مولانا شجاع ملک نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بیانیے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عوام سمجھتے ہیں پی ڈی ایم قومی احتساب بیورو (نیب) سے بچنے کیلئے ایک ہوئی ہے۔
جے یو آئی رہنما مولانا شجاع الملک نے کہا کہ عوام یہ سمجھ رہے ہیں کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ والے نیب کے چکر میں جمع ہوئے ہیں، وہ عوامی مسائل حل کرنے کیلئے جمع نہیں ہوئے۔
جمعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنما اور سابق رکنِ قومی اسمبلی مولانا شجاع الملک نے مولانا اختر شیرانی کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کارکن سمجھ رہے ہیں کہ جے یو آئی رہنما خائن ہوچکے ہیں جو بالکل درست ہے۔
سابق رکنِ قومی اسمبلی مولانا شجاع الملک نے کہا کہ جے یو آئی رہنما حافظ حسین کو ن لیگ کے بیانیے پر گفتگو کرنے پر فارغ کردیا گیا جبکہ حافظ حسین ہمارے اہم رہنماؤں میں سے ہیں، ان کی بات سنی جانی چاہئے تھی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما مولانا اختر شیرانی نے مولانا فضل الرحمان کو سیلیکٹیڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا ان سے ہمیشہ جھوٹ بولنے کے معاملے پر اختلاف رہا ہے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق چیئرمین مولانا اختر شیرانی نے کہا کہ پی ڈی ایم کے سیلیکٹیڈ سربراہ مولانا فضل الرحمان وزیرِ اعظم کو کیسے سیلیکٹیڈ قرار دے سکتے ہیں؟ جبکہ عمران خان کی کئی پالیسیوں سے ہم اتفاق رکھتے ہیں۔
مزید پڑھیں: مولانا اختر شیرانی نے فضل الرحمان کو سیلیکٹیڈ قرار دے دیا