اسلام آباد: وزیرِ اعظم کے سابق معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پیشگوئی کی ہے کہ کورونا کی پہلی لہر کے مقابلے میں اِس بار دوسری لہر کے دوران زیادہ پاکستانی جاں بحق ہوسکتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے پیغام میں سابق معاونِ خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور پچھلی دفعہ کی نسبت اِس مرتبہ زیادہ پاکستانی مر سکتے ہیں۔
پیغام میں ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا یہ اعلان کہ پابندی کے باوجود جلسے جاری رہیں گے، انتہائی ٖغیر ذمہ دارانہ ہے۔ امید ہے کہ سیاستدان عقل کے ناخن لیتے ہوئے سیاست سے زیادہ عوام کی جانوں کی فکر کریں گے۔
کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے اور پچھلی دفعہ کی نسبت اس مرتبہ ذیادہ پاکستانی مر سکتے ہیں۔ ایس میں پی ڈی ایم کا اعلان کہ وہ باوجود پابندی کہ جلسے جاری رکھیں گے انتہائی غیر ذمہ داری ہے۔ مجھے امید ہے کہ سیاست دان عقل کے ناخن لیں گے اور سیاست سے ذیادہ لوگوں کی جانوں کی فکر کریں گے۔
— Zafar Mirza (@zfrmrza) November 18, 2020
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان میں کورونا کے 2 ہزار 208 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 37 مزید شہری جاں بحق ہو گئے ہیں۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 3 لاکھ 63 ہزار 380 افراد متاثر اور 7 ہزار 230 انتقال کر گئے۔
مزید پڑھیں: کورونا کے 2 ہزار 208 نئے کیسز رپورٹ، 37 مزید شہری جاں بحق