کراچی پولیس نے 2 ملزمان کو نارتھ ناظم آباد میں خاتون کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا ہے جو اپنی کار میں گزشتہ ہفتے مردہ پائی گئی، دونوں ملزمان کے ایم سی ملازم کے بیٹے بتائے جاتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 2 نامعلوم ملزمان موٹر سائیکل پر سوار ہو کر آئے اور 19 اکتوبر کو ایک گاڑی پر فائرنگ کی جو انٹرمیڈیٹ بورڈ آفس کے قریب موجود تھی، خاتون کو گردن پر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
فاطمہ نامی خاتون کی عمر 22 سال تھی جو سماجی رہنما اور پیپلز پاٹی کے سابق ٹاؤن ناظم شیخ فیروز بنگالی کی بیٹی تھیں۔ فاطمہ کو زخمی حالت میں عباسی شہید ہسپتال لایا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔
اس حوالے سے کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ جن دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے ان کے نام بلال اور شکیل ہیں جو کے ایم سی کے ایک ملازم کے بیٹے ہیں جنہوں نے 4 خواتین کا ایک گاڑی میں انٹرمیڈیٹ بورڈ آفس کی طرف جاتے ہوئے تعاقب کیا۔
موٹر سائیکل سوار ملزمان گاڑی رکنے پر خود بھی رک گئے اور بلال نامی ملزم گاڑی کی طرف آیا۔ خاتون ڈرائیور کی سیٹ پر بیٹھی تھی جس نے کوشش کی کہ گاڑی چلا کر ملزم کو مار کر فرار ہو جائے لیکن اچانک بلال نے گن نکال کر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں فاطمہ نامی خاتون جاں بحق ہوئی۔ پولیس نے ملزمان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کیلئے انہیں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کردیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق فاطمہ اپنی چھوٹی بہن اور 2 دیگر خواتین کے ہمراہ تھیں۔
پولیس کے مطابق بلال نامی ملزم نے فاطمہ کو قتل کیا ہے، پولیس نے جائے وقوعہ سے 30 بور کے خول برآمد کیے ہیں جبکہ گاڑی کے اندر سے وہ گولی بھی برآمد کر لی گئی ہے جو فاطمہ پر چلائی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرول پمپ پر ڈکیتی کی کوشش، مزاحمت پر فائرنگ، کیشیئر زخمی