کورونا کا خطرہ، اپوزیشن کا جلسہ روکا جائے۔خرم شیرزمان نے قرارداد جمع کرادی

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کورونا کا خطرہ، اپوزیشن کا جلسہ روکا جائے۔خرم شیرزمان نے قرارداد جمع کرادی
کورونا کا خطرہ، اپوزیشن کا جلسہ روکا جائے۔خرم شیرزمان نے قرارداد جمع کرادی

پاکستان تحریکِ انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کورونا وائرس خطرے کے پیشِ نظر اپوزیشن کا جلسہ روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے جلسے کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کروا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق رکنِ سندھ اسمبلی اور پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے آج سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کروائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، پیپلز پارٹی کا جلسہ روکا جائے۔

رکنِ سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے سیکریٹری سندھ اسمبلی کو پیپلز پارٹی جلسے کے خلاف قرارداد ذاتی حیثیت سے پیش ہو کر جمع کرائی۔ اِس موقعے پر ان کے ہمراہ اراکینِ سندھ اسمبلی ڈاکٹر سیما ضیاء، عمر عماری اور شہزاد قریشی موجود تھے۔ 

قرارداد جمع کرانے کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے صدر پی ٹی آئی کراچی خرم شیر زمان نے کہا کہ شادی ہال مارکیٹس اور بچت بازار سیل کیے جا رہے ہیں کہ کورونا نہ پھیلے اور جلسے جلوسوں کی اجازت دی جارہی ہے؟

سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے قول و فعل میں کھلا تضاد ہے۔ آج مریم نواز ہو یا ن لیگ کے دیگر رہنما، مولانا کے ساتھ مل کر ملک میں افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ مراد علی شاہ کو یہ اعلان کرنا ہوگا کہ کراچی میں کورونا موجود ہے یا نہیں؟ اراکینِ سندھ اسمبلی سعید آفریدی اور دیگر پی ٹی آئی رہنما بھی اِس موقعے پر موجود تھے۔ 

یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان نے فیصلہ کیا کہ اپوزیشن جلسوں کے خلاف میدانِ عمل میں خود اتریں، حکومت کی طرف سے حزبِ اختلاف کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

وزیرِا عظم عمران خان کی زیرِ صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن جلسوں کے خلاف حکمتِ عملی طے کی گئی جس کے مطابق اپوزیشن کی طرف سے کسی بھی بیان کا وزیرِ اعظم اور حکومتی ترجمان خود جواب دیں گے جس کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس اور دیگر تقاریب کے دوران میڈیا گفتگو کا سہارا لیا جاسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: وزیرِ اعظم کا اپوزیشن کے خلاف خود میدانِ عمل میں اُترنے کا فیصلہ

Related Posts