کراچی: پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کنٹونمنٹ الیکشن کے دوران پولنگ اسٹیشن میں رینجرز اور فوج کو تعینات کرنے کی درخواست جمع کروا دی۔
خرم شیر زمان نے پیر کے روز الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان سے انکے دفتر میں ملاقات بھی کی۔ ملاقات میں خرم شیر زمان نے بلدیاتی الیکشن کی تاریخ کے جلد از جلد اعلان کرنے پر بھی زور دیا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہناتھا کہ کنٹونمنٹ الیکشن میں فوج اور رینجرز انتظامات سنبھالے۔ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کیلئے رینجرز یا فوج کی معاونت یقینی بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کنٹونمنٹ الیکشن کو دھاندلی زدہ نہ بنایا جائے، ماضی کے انتخابات میں بااثر افراد الیکشن پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ رکن سندھ اسمبلی شاہنواز جدون، پی ٹی آئی رہنما عدنان اسماعیل سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
خرم شیر زما ن نے مزید کہا کہ ایسے حالات نہیں چاہتے کی پولنگ اسٹیشن میں تھپے لگائے جائیں، جعلی ووٹوں کو روکنا مقصد ہے۔ جو جیتے گا وہی اب خوشیاں منائے گا۔ وزیر اعظم عمران خان کے خصوصی فنڈ سے 9 ارب 90 کروڑ کی لاگت سے کراچی میں ترقیاتی کام کروائے گئے۔ کراچی کی ترقی کا پیسہ 13 سالوں سے دبئی جاتا رہا۔ کراچی کا پیسہ ایان علی کو دیدیا گیا۔
رکن سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ کراچی میں دھاندلی زدہ الیکشن ناقابل برداشت ہیں۔ الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ انتخابات میں بااثر افراد کو اثرانداز نہ کیا جائے۔
ایک سوال کے جواب میں خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کراچی کیلئے کافی پریشان حال دکھائی دیئے۔ یہ پیپلز پارٹی کے منہ پر تھپڑ ہے جو شہباز شریف نے مارا ہے۔ شہباز شریف کے آنسو بتا رہے ہیں کہ صوبائی حکومت نے کوئی کام نہیں کیا۔ بڑے میاں صاحب اس وقت بھی عوام خاموش تھی جب آپ مال بٹور رہے تھے۔ عوام اس وقت بھی خاموش تھے جب بڑے میاں پیسے بنا رہے تھے۔ شہباز شریف جو آنسو دکھا رہے ہیں وہ انہیں جیل میں کام آئیں گے۔ جو لوٹ مار انہوں نے کی ہے اس کیلئے انہیں جیلوں میں ڈالیں گے۔ ان سے لوٹا ہوا پیسا واپس لائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہمارے لیے سیاسی موت کے مترادف ہے، شبلی فراز