لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ 100 دن میں پارٹی قائد کی آواز نگر نگر پہنچ گئی،جس جس نے بھی نواز شریف کے خلاف سازش کی آج وہ عوام میں جانے کے قابل نہیں۔
سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کا ایم ایس ایف کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 100 دن میں پارٹی قائد کی آواز نگر نگر پہنچ گئی ہے اس سے زیادہ خوشی کی کیا بات ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ خوشی ہو رہی ہے کہ بچوں کی بہت بڑی تعداد یہاں جمع ہوئی ہے، پاکستان بھر میں ایم ایس ایف کے عہدیداروں کی لسٹ میں تعداد دیکھ کر خوشی ہوئی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں پانچ پانچ ماہ ڈیتھ سیل میں گزار کر آئی ہوں، 200 کے قریب پیشیاں بھگت کے میں آپ کے سامنے کھڑی ہوں، میرے والد کے سامنے مجھے کوٹ لکھپت سے گرفتار کیا گیا۔مشرف دور میں میرے والد صاحب کو جیل میں رکھا گیا تو میری والدہ نے باہر قدم رکھا، میرے لئے بھی یہ راستہ آسان نہیں تھا۔
مریم نواز نے کہا کہ مجھے خوشی ہے پشاور کے لوگوں کے پاس بھی میٹرو بس ہے، پاکستان کے تمام منصوبے نواز شریف کے دیئے ہوئے ہیں۔ آج آپ ایٹمی طاقت ہیں اور جب تک پاکستان ہے ایٹمی طاقت رہے گا، کوئی ایک منصوبہ دیکھا دیں جو چیئرمین پی ٹی آئی نے شروع کیا ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی 4 سال حکومت میں ڈالر 97،98 پر رہا، نوازشریف کو اقامہ کے کیس پر نکالا گیا اور آج تک ملک ترقی نہیں کر سکا۔ 2013 میں جب نواز شریف کو حکومت ملی تو 20،20 گھنٹے لوڈ شیڈنگ تھی، نواز شریف کی حکومت آئی تو لوڈ شیڈنگ کو بالکل ختم کر دیا گیا۔