وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وفاقی وزراء نے ٹرین حادثے کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے ضلع رحیم یار خان میں تیز گام ٹرین کی 3 بوگیوں کو آگ لگنے کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادی مارچ کا بھرپور مقابلہ کیا جائے۔وزیر اعظم کی ترجمانوں کو ہدایت
عمران خان نے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے حادثے کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دُعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دُعا کی ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹرین کو آگ لگنے کے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم اور افسوس کی اس گھڑی میں ہم غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ زخمی افراد کی جلد صحت یابی عطا فرمائے۔
وفاقی وزراء بشمول معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بھی حادثے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کی دُعا کی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں ٹرین میں سلنڈر پھٹنے کے باعث لگنے والی آگ سے 100 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔
رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور کے قریب تیز گام ٹرین کی 3 بوگیوں میں آگ لگی جس کے باعث زخمی ہونے والے افراد کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
مزید پڑھیں: رحیم یار خان: ٹرین میں آگ لگنے کے باعث73 افراد جاں بحق ، 30 زخمی