کراچی: ماڈل و اداکارہ حرا خان نے اپنے ساتھ پیش آئے ایک اہم واقعے سے اپنے چاہنے والوں کو آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ ایک معروف ہدایت کار نے ڈرامے کی کہانی اور ان کا کردار بتائے بغیر ان سے نامناسب آڈیشن کا مطالبہ کیا۔
انسٹاگرام پر حرا خان نے معروف ہدایت کار کے ساتھ کی گئی مبینہ مسیجنگ چیٹ کے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ ہدایت کار سے ان کا رابطہ ایک سینئر اداکارہ نے کروایا تھا۔
حرا خان نے اپنے انسٹا گرام پر لکھا کہ جب ان کا مذکورہ ہدایت کار سے رابطہ ہوا تو وہ ان سے 20 منٹ تک فون پر گفتگو کرنے کے باوجود یہ سمجھ نہیں پائیں کہ وہ کیا کہنا چاہتے ہیں، کیوں کہ ہدایت کار ان سے نجی جگہ پر قابل اعتراض لباس و انداز میں ڈانس اور کیٹ واک کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔
حرا خان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے ڈائریکٹر سے فون پر بات کرنے کے بعد ثبوت کے طور پر ان سے مسیجنگ میں چیٹ کی تاکہ وہ دنیا کو کچھ ثبوت دکھا سکیں۔ماڈل نے لکھا کہ عام طور پر ایسی باتوں پر یقین نہیں کیا جاتا اور یہ بھی سچ تھا کہ ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں تھا کہ ڈائریکٹر نے ان سے نامناسب مطالبہ کیا ہے۔
مسیجنگ چیٹ کے اسکرین شاٹ میں پڑھا جا سکتا ہے کہ حرا خان ہدایتکار کو بتا رہی ہیں کہ آپ نے فون پر مختصر لباس میں نجی طور پر آڈیشن کا مطالبہ کیا اور اب دوسری بات کر رہے ہیں۔
اداکارہ کی جانب سے شیئر کیے گئے اسکرین شاٹس میں پڑھا جا سکتا ہے کہ ہدایت کار ان سے نارمل آڈیشن کا بھی پوچھ رہے ہیں اور ساتھ ہی کہہ رہے ہیں کہ اگر ماڈل نارمل انداز میں بھی آڈیشن نہیں دینا چاہتیں تو پھر ان کی مرضی۔
حرا خان نے جس مسیجنگ چیٹ کے اسکرین شاٹ شیئر کیے، ان میں فون نمبر بھی صاف دکھائی دے رہا ہے، تاہم اس مبینہ چیٹ میں کسی ہدایت کار کا نام واضح نہیں ہوتا اور نہ ہی ماڈل نے کسی ڈائریکٹر کا نام ظاہر کیا۔
مزید پڑھیں: مجھے مردانگی کا مطلب نہ بتائیں، جو چاہتا ہوں وہی پہنوں گا۔علی گل پیر