جب بھی کھانے اور ذائقوں کی بات آتی ہے تو کراچی ہمیشہ سب سے آگے ہوتا ہے، بندرگاہی شہر میں بہت سی جگہیں ایسی ہیں جہاں لذیذ کھانے دستیاب ہوتے ہیں اور انہی میں سے ایک ڈیفنس میں واقع ڈیکسٹر انسٹی ٹیوٹ پاکستان کا ایک اسٹال ہے جہاں پر لذیذ چائیز ڈش کنگ پاؤ چکن پیش کی جارہی ہے۔
ڈیکسٹر انسٹی ٹیوٹ ایک ایسا ادارہ ہے جہاں پر نہ صرف بچوں کو شیف کے کورسز کروائے جاتے ہیں بلکہ انہی کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے شہر کے مختلف مقامات پر موجود اسٹالز پر یہ کھانے شہریوں کو پیش بھی کیے جاتے ہیں، یہ ادارہ بین الاقوامی سطح پر رجسٹرڈ بھی ہے۔
اسٹال پر موجود شیف کے مطابق کنگ پاؤ میں ‘کنگ’ کا مطلب چکن اور ‘پاؤ’ سے مراد ڈش کو بنانے والے سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ بنیادی طور پر کنگ پاؤ کو درمیانی مصالحوں کے ساتھ تیار کرتے ہیں لیکن اگر کوئی تیز مصالحے کو پسند کرتا ہے تو پھر ہم اس کی پسند کے مطابق کنگ پاؤ میں مصالحوں کی مقدار کو بڑھادیتے ہیں۔
اس ڈش کو تیار کرنے کیلئے تمام معیاری چیزیں استعمال کی جاتی ہیں، کنگ پاؤ چکن کو تیار کرنے لئے عام تیل کے بجائے تل کا تیل استعمال کیا جاتا ہے جبکہ ڈش کو تیار کرنے کے بعد اس کو شملہ مرچ، گاجر، پیاز اور مونگ پھلی کی گارنش کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔