کراچی میں سال کی پہلی بینک ڈکیتی کا معمہ حل کر لیا گیا، پولیس نے 3 ملزمان کو گرفتار کرکے حوالات منتقل کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سنٹرل کی نگرانی میں سال کی پہلی بینک ڈکیتی کا معمہ حل کرنے کے بعد پولیس نے کارروائی کی اور 3 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
سنٹرل کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ جنید، ذیشان اور سلمان نامی ملزمان کو حراست میں لیے جانے کے بعد بینک سے لوٹی گئی رقم بھی جزوی طور پر برآمد کر لی گئی ہے۔
گرفتار ملزمان سے اسلحہ، 6 عدد موبائل فونز اور 1 لاکھ 60 ہزار روپے نقد رقم برآمد کی گئی۔ تاحال ڈکیتی گینگ کے سرغنہ ستار کو گرفتار نہیں کیا جاسکا۔
ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے بیان دیا ہے کہ بینک سے 7 لاکھ روپے کیش لوٹا گیا جبکہ بینک حکام نے 10 لاکھ روپے لوٹے جانے کی شکایت کی تھی۔ گروہ کے سرغنہ ستار کی تلاش جاری ہے۔
بینک ڈکیتی کے بعد ملزمان کرائے کی گاڑی لے کر شہر چھوڑ گئے تھے جو لاہور اور مری سے گھوم پھر کر 30 مارچ کو کراچی واپس پہنچے۔ قبل ازیں گرفتار ملزمان میں سے ایک ملزم سلمان قتل کے مقدمات میں گرفتار بھی ہوچکا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، ٹی ٹی پی کا دہشت گرد ہلاک