معروف پاکستانی سنگر فرحان سعید نے گانا چوری ہونے پر بھارتی گلوکار سلیم مرچنٹ کو ٹوئٹر پر خوب سنائیں۔ ٹوئٹر جنگ کے دوران فرحان سعید نے اپنا گانا چوری ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں گلوکار فرحان سعید نے کہا کہ کسی نے مجھے سلیم مرچنٹ کا گانا “ہاریا” بھیجا ہے جو میرے گانے “روئیاں” کی ہو بہو نقل ہے۔ مجھے حیرت ہے کہ اپنے آپ کو آرٹسٹ کہلوانے کے لیے ان کے پاس صرف ساؤنڈ سافٹ وئیر ہے جس کے ذریعے وہ کسی اور کاکام چرا لیتے ہیں۔
فرحان سعید نے کہا کہ اگر یہی کرنا ہے تو پوچھ کر کرلیا کرو اور اگر پوچھنا بھی گوارا نہیں تو کم از کم اسے بہتر بنانے کی کوشش ہی کر لی جائے۔ ہر فنکار چاہتا ہے کہ پائریسی اور گانوں کی چوری بند ہونی چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں: معروف براڈکاسٹر ثریا شہاب کا الزائمر کے باعث انتقال، اسلام آباد میں سپردِ خاک
دوسری جانب بھارتی گلوکار سلیم مرچنٹ نے انہیں جواب دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ میں نے ابھی ابھی آپ کا گانا سنا۔ یہ ایک حیرت انگیز اتفاق ہے کہ میرے گانے “ہاریا” کا کورس آپ کے گانے سے مماثلت رکھتا ہے۔
سلیم مرچنٹ نے کہا کہ میں پوری ایمانداری کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ میں نے آپ کا گانا اس سے قبل نہیں سنا تھا۔ کبھی کبھی ایسا ہو جاتا ہے کہ ایک دوسرے کے گانوں سے مماثلت پیدا ہوجائے۔
Farhan I just heard your song. It’s a mere coincidence that the chorus of Haareya is like your song. To be honest I’ve never heard it before. It happens many a times when notes have a natural progression from each other. @Sulaiman & I have a track record of never plagiarising.
— salim merchant (@salim_merchant) September 14, 2019
فرحان سعید بھارتی گلوکار کے جواب سے بالکل مطمئن نہیں ہوئے اور انہیں ایک اور پیغام بھیجا۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے مطابق یہ اتفاق ہے، تو میں آپ کو دوسرا اتفاق بھی بتا دیتا ہوں اور وہ یہ ہے کہ ہمارے گانے کا شاعر بھی ایک ہی ہے۔ بہرحال، میں آپ کے لیے نیک تمنائیں رکھتا ہوں۔
@salim_merchant if you say so! Another co incidence is we have the same lyricist! Anyway good luck !
— Farhan Saeed (@farhan_saeed) September 14, 2019
واضح رہے کہ فرحان سعید کا گانا “روئیاں” لکس اسٹائل ایوارڈز میں سال کے بہترین گانے کا ایوارڈ جیت چکا ہے۔ اس گانے کے چوری ہوجانے پر پاکستانی گلوکار کا غصہ کسی بھی طرح غیر فطری قرار نہیں دیا جاسکتا۔
مزید پڑھیں: اداکار اور فلمسٹار عابد علی، ایک ستارہ جس سے پاکستان محروم ہوگیا