اسلام آباد:سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ سے احتساب عدالت پیشی کے موقعے پر اتفاقیہ ملاقات کے دوران دلچسپ گفتگو کی۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے خورشید شاہ سے سندھی زبان میں گفتگو کرتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی اور پوچھا کہ آپ کو حکومت نے کہاں رکھا ہے؟ خورشید شاہ نے انہیں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں بھی وہیں رکھا ہے جہاں آپ کو رکھا ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کے دورۂ سعودی عرب سے دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہوں گے۔فردوس عاشق اعوان
نیب کے متعلق ایک سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ فی الحال قومی ادارہ برائے احتساب (نیب) نے میرا راہداری ریمانڈ لیا ہے۔ مجھے سکھر لے جا رہے ہیں جہاں یہ آمدن سے زائد اثاثوں کا مقدمہ آگے بڑھے گا۔آصف علی زرداری نے کہا کہ آپ نے کچھ غلط نہیں کیا ہے۔ اس لیے گھبرانے کی بھی کوئی بات نہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ہمشیرہ فریال تالپور پر میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیسز کی سماعت 4 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو پیش کیا گیا۔ کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی اور طرفین کے دلائل سنے۔ اس دوران عدالت کو ضروری دستاویزات کی کاپیاں بھی مہیا کی گئیں۔
مزید پڑھیں: آصف زرداری کے خلاف میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیسز کی سماعت 4 اکتوبر تک ملتوی