بالی ووڈ کی مقبول ترین فلمی جوڑی سلمان خان اور قطرینہ کیف کی ٹائیگر سیریز کی تیسری فلم میں عمران ہاشمی آئی ایس آئی ایجنٹ کا کردار ادا کریں گے جو ولن ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق دُنیا کی نمبر 1 انٹیلی جنس ایجنسی آئی ایس آئی کا ایجنٹ بن کر عمران ہاشمی سلمان خان اور قطرینہ کے ہمراہ ٹائیگر 3 میں کام کریں گے۔ ٹائیگر سیریز کی پہلی دو فلمیں ایک تھا ٹائیگر اور ٹائیگر زندہ ہے پہلے ہی ہٹ ہوچکی ہیں۔
دو ماہ قبل ٹائیگر 3 کی شوٹنگ مارچ کے مہینے میں شروع ہوئی جس میں سلمان خان بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ اویناش سنگھ راٹھور کا کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم کی ہیروئن زویا کو بھی آئی ایس آئی ایجنٹ دکھایا گیا ہے۔
بھارتی اداکار عمران ہاشمی، سلمان خان اور کترینہ کیف نے فلم کی شوٹنگ سے قبل ایک پوجا پاٹ میں شریک ہو کر یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔ فلم کی شوٹنگ بھارت کے علاوہ یورپی ممالک میں بھی ہوگی جہاں دو خفیہ ایجنسیز کی جنگ دکھائی جائے گی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹائیگر 3 کی شوٹنگ کے دوران ہیرو سلمان اور ہیروئن کترینہ کے کچھ مناظر ممبئی کے اسٹوڈیو میں عکس بند کیے گئے۔ فلم کیلئے موسیقی پریتم نے ترتیب دی ہے جبکہ فلم کو ایکشن سے بھرپور دکھانے کیلئے اسٹنٹس بھی شامل کیے گئے۔
حال ہی میں سمندری طوفان تاؤتے نے بھارت کا رخ کیا اور ٹائیگر 3 کے سیٹس کو تباہ کردیا جس کے بارے میں تسلسل کے ساتھ پیشگوئیاں جاری ہیں کہ 350 کروڑ کے بجٹ کی فلم ہندی سینما کی سب سے بڑی ایکشن فلم ثابت ہونے والی ہے۔
تاؤتے نامی سمندری طوفان کے باعث اجے دیوگن کی نئی فلم میدان کا سیٹ بھی تباہ حالی کا شکار ہوا۔ گزشتہ برس لاک ڈاؤن کے دوران بھی میدان کا سیٹ اکھاڑ دیا گیا تھا۔ ٹائیگر 3 دنیا بھر کے سینما گھروں میں آئندہ برس 29 اپریل کو ریلیز کی جائے گی۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل بالی ووڈ کے سپراسٹار سلمان خان نے اپنی 13مئی کو ریلیز ہونیوالی فلم ’رادھے‘ سے متعلق ایک پیغام جاری کیا جس میں کہا گیا کہ انٹرنیٹ پر کچھ ویب سائٹس فلم ’رادھے‘ غیرقانونی طور پر دکھا رہی ہیں جو کہ جرم ہے۔
ٹوئٹر پر سلمان خان نے پیغام میں کہا کہ سائبر سیل ان تمام غیرقانونی سائٹس کے خلاف ایکشن لے رہا ہے۔ آپ لوگ برائے مہربانی اس کام میں شامل نہ ہوں ورنہ سائبر سیل آپ کے خلاف بھی کارروائی کرے گا۔ سمجھنے کی کوشش کریں، سائبر سیل کی کارروائی سے آپ کو بہت مشکلات ہوسکتی ہیں۔
مزید پڑھیں: سلمان کی فلم’’ رادھے‘‘ کو غیرقانونی طورپردیکھنے کیخلاف کارروائی کی دھمکی