اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان میں سینیٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کی نظرِ ثانی شدہ فہرست آج آویزاں کی جائے گی جبکہ امیدوار اپنے کاغذاتِ نامزدگی کل تک واپس لے سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ انتخابات 2021ء کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں نظرِ ثانی شدہ امیدواروں کی فہرست آج آویزاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کیلئے تاریخ 25 فروری مقرر کی گئی تھی۔
قبل ازیں بلوچستان سے سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی حتمی فہرست شائع کردی گئی، فہرست صوبائی الیکشن کمشنر کے دفتر پر آویزاں کردی گئی ہے۔ حتمی فہرست میں بلوچستان سے 36 امیدواروں کے نام شامل کیے گئے ہیں۔
انتخابات مجموعی طور پر سینیٹ کی 48 نشستوں کیلئے منعقد ہوں گے جبکہ آئندہ ماہ 11 مارچ کو 52 سینیٹرز اپنی مدت پوری کرکے ریٹائر ہوجائیں گے۔ سینیٹ انتخابات کیلئے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ 3 مارچ کو ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: سینیٹ انتخابات، سیف اللہ ابڑو اور رؤف صدیقی نے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ چیلنج کردیا