کراچی: سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ روٹی کپڑے اور مکان کا نعرہ منشیات ، کفن اور قبر میں تبدیل ہوچکا ہے۔
پیپلزپارٹی کے ایم این اے سکندر راہوپوٹو کے بھائی سی آئی اے انچارج سرور راہوپوٹو سے منشیات برآمدگی کے معاملے پر بیان دیتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ سرور راہوپوٹو کو بچانے کے لیے سی ایم ہاؤس سرگرم ہوچکا ہے، سندھ حکومت کی لیبارٹری سے چرس کو چاکلیٹ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ منشیات فروشوں کے اصل سربراہ وزیراعلیٰ سندھ ہیں، وزیراعلیٰ سندھ اور کراچی کے ایک منشیات فروش وزیر نے سندھ بھر میں منشیات فروشوں کا نیٹ ورک بنایا ہوا ہے، تحقیقاتی کمیٹی سے امید ہے وہ وزیراعلیٰ کی بجاء اپنی وردی سے انصاف کریں گے۔
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ سکندر راہو پوٹو سے تفتیش کی جائے نیٹ ورک سامنے آجائیگا، جامشورو میں ہر غیرقانونی کام وزیراعلیٰ کی اجازت سے سکندر راہو پوٹو کرتے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ پولیس اپنے پیٹی بھائی کو بچانے کی بجاء عوام کے ساتھ کھڑے ہوں، واقعے پر اعلیٰ سطح کمیٹی بناکر انکوائری کرائی جائے۔ پیپلزپارٹی اور منشیات کی لعنت کا خاتمہ سندھ سے یقینی بنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : صدر عارف علوی نے سینئر سٹیزن اور حقوق نسواں کے ترمیمی بل پر دستخط کر دیے