اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین کا استعفیٰ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے منظور کر لیا۔ کابینہ ڈویژن نے منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے مشیرِ ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین کا استعفیٰ صدرِ مملکت نے گزشتہ روز منظور کیا۔ ڈاکٹر عشرت نے سرکاری کام کرنے سے معذرت کرتے ہوئے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم ہاؤس کو ارسال کیا تھا۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم عمران خان کی تجویز پر ڈاکٹر عشرت حسین کے استعفے کی منظوری دے دی جس کے بعد کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے استعفے کا اطلاق یکم ستمبر سے کرنے کا عندیہ دے دیا۔
آج ڈاکٹر عشرت حسین کا استعفیٰ منظور کیے جانے کے بعد وزیر اعظم عمران خان کے 3 مشیر رہ گئے جن میں شہزاد اکبر، عبدالرزاق داؤد اور بابر اعوان شامل ہیں جنہیں بالترتیب احتساب، تجارت اور پارلیمانی امور کے شعبے سونپے گئے ہیں۔
قبل ازیں 26 جولائی کے روز ڈاکٹر عشرت حسین نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جسے وزیر اعظم عمران خان نے منظور نہیں کیا۔ وزیر اعظم نے انہیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی، تاہم انہوں نے ایک بار پھر استعفیٰ دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے مسائل کا حل تعلیم اور کاروبار عام کرنے میں ہے۔عشرت حسین