وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ میں نئے ڈائلیسز یونٹ کا افتتاح کیا جبکہ اس موقعے پر ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال کی عمارت اسی سال مکمل کی جائے گی۔
افتتاحی تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں بہتر صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہمارا نصب العین ہے جبکہ ہم نے پنجاب میں صحت سمیت ہر شعبے میں بہتری لانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امن ایمبولینس سروس کے لیے سندھ حکومت کی 41 کروڑ 20 لاکھ روپے کی گرانٹ
پی کے ایل آئی (پاکستان کڈنی انسٹیٹیوٹ اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ) کے یونٹ 2 کے افتتاح کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب نے میڈیا نمائندگان کو آگاہ کیا کہ یونٹ کو 36 ڈائلیسز مشینوں سے لیس کیا گیا ہے تاکہ ڈائلیسز کے حوالے سے مریضوں کو کسی دقت کا سامنا نہ ہو۔
مریضوں کی عیادت کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب نے عوام سے اسپتال کی خدمات کے حوالے سے مختلف سوالات کیے جس پر عوام الناس کی اکثریت نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیرا علیٰ کو بتایا کہ پنجاب کڈنی انسٹیٹیوٹ میں مہیا کی جانے والی خدمات بین الاقوامی معیار کے مطابق ہیں۔
میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی کے ایل آئی میں جگر اور گردے کے مریضوں کا علاج کرنے کے لیے اعلیٰ معیار کی خدمات میسر ہیں جبکہ اکتوبر کے وسط تک 6 مزید آپریشن تھیٹرز فعال کر دئیے جائیں گے۔ ہسپتال کے 3 مزید فلور مکمل ہوں گے جس سے 475 مزید بستروں کی سہولت میسر آسکے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ڈینگی کے خلاف مہم کے معاملے پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں ڈینگی کی وبا پھیلنے پر افسوس ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پانچ روز قبل وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں آئی جی پنجاب عارف نواز ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیر اعظم کو پولیس اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے پولیس اصلاحات کے نفاذ کے لیے 30 ستمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی تھی۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں ڈینگی: وزیر اعظم عمران خان وزیر اعلیٰ عثمان بزدار پر برہم