کراچی: کلفٹن 26 اسٹریٹ پر پولیس اہلکار کی شہادت کا معاملہ،قاتل خرم نثار ترکی کے راستے سوئیڈن پہنچ گیا۔
ذرائع کے مطابق ملزم غیر ملکی ایئر لائن کے ذریعے ملک سے فرار ہونے میں کامیاب ہوا، خرم نثار کے فرار ہونے کی پولیس نے تصدیق کردی۔
واضح رہے کہ امیگریشن پر تصویر بناتے ہوئے ملزم پر اعتماد نظر آرہا ہے، ملزم نے سویڈیش پاسپورٹ کا استعمال کیا، ریکارڈ کے مطابق ملزم کی امیگریشن صبح 4:11 بجے ہوئی۔
یاد رہے کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 5 میں ایک ملزم خرم نثار نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار عبدالرحمان کو شہید کردیا تھا۔
فائرنگ سے پولیس اہلکار کی شہادت کا افسوسناک واقعہ گزشتہ شب ڈیفنس فیز 5 میں پی ایس او پمپ کے قریب پیش آیا۔ ملزم ایک لڑکی کو گاڑی میں بٹھا کر اغوا کرکے لے جانا چاہتا تھا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ کے مطابق کار میں سوار ملزم نے ایک لڑکی کو گاڑی میں بٹھا کر زبردستی اغوا کیا جس پر شاہین فورس کے 2 اہلکاروں نے کار کو روک لیا اور پوچھ گچھ کی۔ اسی دوران کار میں سوار لڑکی اتر کر بھاگ گئی۔
عرفان بلوچ نے کہا کہ شاہین فورس کا ایک اہلکار کار میں بیٹھا اور ملزم کو تھانے لے کر آرہا تھا۔ دوسرا پولیس اہلکار موٹر سائیکل میں کار کا پیچھا کر رہا تھا۔ اسی دوران کار سوار اور پولیس اہلکار میں تلخ کلامی ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ تلخ کلامی کے دوران کار سوار ملزم نے پستول سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار عبدالرحمان شہید ہوا۔ ملزم شہید پولیس اہلکار کی لاش کو چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
مزید پڑھیں:کراچی میں پولیس اہلکارقتل!کیا پولیس اہلکاروں کی غفلت سے واقعہ رونما ہوا؟
واقعے میں ملزم اور پولیس اہلکاروں کے مابین تکرار کی ویڈیو بھی سامنے آچکی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکار پستول ہاتھ میں لیے ملزم کو کار میں بیٹھنے اور تھانے چلنے کا کہتا ہے۔